امریکی دباؤ کے باوجود تیل کی برآمدات جاری رکھیں گے، ہم امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے:صدر ایران حسن روحانی

,

   

تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی دباؤ کے باوجود ایران تیل کی برآمدات جاری رکھیں گے۔ حسن روحانی ان خیالا ت کا اظہار منگل کے روز محنت کش او رافرادی قوت کے اعزاز میں قومی تہوار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی تیل کی برامدات کو صفر کی سطح پر لانا امریکہ کا ایک غلط فیصلہ ہے اور ایران اس فیصلہ کو نظرانداز کرتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تیل بر آمدات پر پابندی عائد کرنے کے باوجود ایران تیل کی برآمدات جاری رکھے گا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ امریکی پابندیوں کا مقصد ایران کی آمدنی میں کمی لانا ہے جبکہ تیل او راس کی مصنوعات کی فروخت ایران کی آمدنی کے پہلے نمبر پر ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ امریکہ معیشتی دباؤ اور تیل کی برآمدات کو روکنے کے ذریعہ ملک کی کرنسی میں کمی کررہا ہے مگر ہم ان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں تیل برآمد کرنا ہے، ایرانی برآمدات صرف ایک راستہ نہیں ہے ہمارے پاس چھ راستہ ایسے ہیں جو امریکہ کو پتہ بھی نہیں ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب نے ایرانی تیل کا متبادل ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔ سعودی عرب کے وزیر تیل خالد الفلیح نے کہا کہ ۸/ ممالک کیلئے ایرانی تیل کی خرید پر امریکی استثنی ختم ہونے کے بعد ا ن کا ملک تیل خریدنے والے ملکوں کی طلب پوری کرنے کی ہمت رکھتا ہے۔

انہوں نے یہ بات ایک روسی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خام تیل کی پیداروار کو عالمی طلب کے مطابق برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔