امریکی سیاسی جماعت کا گوگل پر مقدمہ

   

نیویارک : ریپبلکن نیشنل کمیٹی (آر این سی) نے گوگل کیخلاف امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آر این سی نے گوگل پر الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا ہے کہ وہ سیاسی جماعت کی ای میلز کو مبینہ طور پر صارفین کے اسپام فولڈرز میں بھیج رہا ہے۔ امریکی سیاسی کمیٹی آر این سی نے گوگل پر امتیازی سلوک اور آزادی اظہار رائے کو دبانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوگل نومبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل سیاسی وابستگی اور نظریات کے باعث کمیٹی کی ای میلز کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ آر این سی کا کہنا ہے کہ جی میل آر این سی گروپ کی ای میلز کو غیر منصفانہ طور پر صارفین کے اسپام فولڈرز میں بھیج کر کمیٹی کے خلاف امتیازی سلوک کر رہا ہے جس کے باعث فنڈ ریزنگ اور ووٹ حاصل کرنے کی کوششوں پر اثر پڑتا ہے۔