امریکی صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا کی 24 فروری کو آمد

,

   

نئی دہلی اور احمد آباد میں سرکاری مصروفیات کا پروگرام ، ٹرمپ اور وزیراعظم مودی کا ہند۔امریکہ تعلقات کو آگے بڑھانے کا عزم

واشنگٹن / نئی دہلی، 11 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ 24 فروری کو دو روزہ دورے پر ہندوستان آئیں گے ۔وائٹ ہاؤس نے منگل کو ایک بیان جاری کر کے اس کی تصدیق کی۔ ٹرمپ کے ساتھ ان کی شریک حیات میلانیا ٹرمپ بھی ہندوستان آئیں گی۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر اور ان کی اہلیہ احمد آباد بھی جائیں گے۔ مودی اور ٹرمپ کے درمیان گزشتہ دنوںفون پر بات چیت ہوئی تھی جس میں دونوں قائدیننے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ دورہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط کرنے کے علاوہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو بہتر بنائے گا۔وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے امریکی صدر کے دورۂ ہندوستان کی تصدیق کی ہے ۔ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات عالمی اسٹریٹجک شراکت داری ، مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ یہ تعاون دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتا ہے۔ مودی اور ٹرمپ کی قیادت میں یہ تعلقات اوربھی بہتر ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع، دہشت گردی، توانائی، علاقائی اور عالمی امور پر تعاون کے ساتھ ساتھ عوام سے عوام کے درمیان تعلقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ امریکی صدر کا یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لینے اور ہماری اسٹریٹجک پارٹنرشپکو مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ دہلی میں وزارت امور خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور امریکی خاتون اول میلانیا وزیراعظم مودی کی دعوت پر ہندوستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ٹرمپ کے پیشرو براک اوباما نے ہندوستان کا دو مرتبہ 2010 اور 2015 میں دورہ کیا تھا ۔ یہ صدر ٹرمپ کا پہلا دورۂ ہند ہوگا۔ ہندوستانی۔امریکی شخصیت ایم آر رنگا سوامی نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ صدر ٹرمپ کا دورۂ ہند دونوں ملکوں کے تجارتی مسائل کے تناظر میں صحیح وقت پر ہورہا ہے اور دونوں کو چاہئے کہ مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کرلیں۔ رنگا سوامی ہندوستانی برادری کے انسانیت نواز اقدامات کی تنظیم کے سربراہ ہیں۔ صدر یو ایس ۔ انڈیا اسٹراٹیجک اینڈ پارٹنرشپ فورم مکیش آگھی نے نشاندہی کی کہ گزشتہ تین امریکی صدور ہندوستان کا سفر کرچکے ہیں اور یہ تسلسل جاری رکھا جارہا ہے ۔ ہندوستان نے گزشتہ سال ٹرمپ کو ریپبلک ڈے پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے کی دعوت دی تھی لیکن امریکی صدر مصروف شیڈول کے سبب نہیں آسکے۔ گزشتہ سال ستمبر میں امریکہ کے دورہ میں وزیراعظم نے ٹرمپ کو اپنی دعوت کی یاد دہانی کرائی تھی۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ اور فرسٹ لیڈی قومی دارالحکومت اور احمد آباد میں سرکاری مصروفیات میں شرکت کریں گے اور ہندوستانی سماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں سے بات کریں گے۔ ٹرمپ کے دورہ کا بڑا نتیجہ تجارتی معاملت کو قطعیت دیئے جانے پر ممکن ہے۔ وزارت امور خارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری اہمیت کی حامل ہے اور اسی بنیاد پر دونوں قائدین آگے بڑھنے کا امکان ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اہم شعبوں میں انسداد دہشت گردی اور تجارت شامل ہیں۔