امریکی نارتھ کیرولینا یونیورسٹی میں فائرنگ ، 2 طلباء ہلاک ، 4 زخمی

,

   

شارلیٹ ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست نارتھ کیرولینا کی یونیورسٹی میں پستول سے مسلح ایک شخص نے تعطیلات سے قبل آخری دن کی کلاسیس کے دوران طلبہ پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 2 ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، تاہم کیمپس میں منعقد ہونے والے کنسرٹ کے انتظامات کے لئے وہاں موجود پولیس افسران نے بروقت مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشتبہ حملہ آور کو دبوچ لیا اور غیرمسلح کردیا گیا۔ شوٹنگ کے بعد یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا ۔ شارلیٹ بند کردی گئی۔ اس دوران سارے کیمپس میں سنسنی پھیل گئی۔ طلبہ کو پناہ کی تلاش میں چوطرف دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک 24 سالہ نوجوان اینٹونیو راڈریجیس جو اپنے دوست کا شو دیکھنے کیلئے کیمپس پہنچا تھا، کہا کہ ’دو خوفناک آوازیں سنائی دی گئیں جس کے بعد ہم نے ہر کسی کو حالت خوف میں عمارت کے باہر دوڑتے ہوئے دیکھا۔ ہر کوئی پریشان تھا اور کئی طلبہ خوف زدہ تھے اور وہ دوڑتے ہوئے پیچھے پلٹ کر دیکھ رہے تھے۔ کیمپس کے پولیس سربراہ جیف بیکر نے کہا کہ حکام کو دوپہر ایک کال موصول ہوا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ پستول سے لیس ایک مشتبہ شخص نے کئی طلبہ پر فائرنگ کی ہے، انہوں نے کہا کہ موسیقی اور تفریحی پروگرام انتظامات کیلئے جمع شدہ پولیس افسران فوراً اس عمارت کے کلاس روم میں پہنچ گئے اور وہاں بندوق بردار کو گرفتار کرلیا گیا۔ بیکر نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے افسران کی کارروائی نے یقینا کئی طلبہ کی جان بچائی ہے‘ ۔