امریکی وزیر خارجہ بلنکن سعودی عرب سے مصر پہنچ گئے

   

قاہرہ : مشر ق وسطیٰ کا دورہ کرنے والے امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن سعودی عرب سے مصر پہنچ گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے دورے کے دوران امریکی وزیرِخارجہ انٹونی بلنکن غزہ جنگ بندی کے معاملے پر علاقائی وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے۔امریکی وزیرِخارجہ غزہ جنگ میں جنگ بندی تک پہنچنے کی کوششوں پر بات چیت کے لیے سعودی عرب سے مصر پہنچے ہیں، وہ کل اسرائیل کا دورہ کریں گے۔امریکی وزیرِخارجہ انٹونی بلنکن غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے سے متعلق پْرامید ہیں۔عرب میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں، رفح میں بڑے پیمانے پر اسرائیلی زمینی آپریشن کی حمایت نہیں کرتے۔امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے امریکا نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کی پٹی میں یرغمالیوں کی رہائی سے منسلک فوری جنگ بندی کی قرارداد کا مسودہ جمع کروایا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے ایک قرارداد پیش کی ہے جس میں یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔