ہفتہ کے دن بھی ویزا کے انٹرویو، پہلی مرتبہ ویزا کے درخواست گذاروں کی سہولت پیش نظر
حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) ہندوستان میں امریکی مشن نے پہلی مرتبہ ویزا کے درخواست گذاروں کیلئے انتظار کی مدت کم کرنے کیلئے ہفتہ کے دن انٹرویو کے خصوصی ایام مقرر کرتے ہوئے زائد درخواستوں کی یکسوئی کی ہے۔ نئی دہلی میں واقع امریکی سفارتخانہ اور ممبئی، چینائی، کولکتہ اور حیدرآباد میں واقع کونسلیٹس میں ہفتہ کے دن کام کاج جاری رکھا گیا تاکہ ویزا کے درخواست گذاروں کے انٹرویوز لئے جاسکیں۔ امریکی مشن نے آنے والے دنوں میں بھی منتخب ہفتہ کے دنوں میں اپواینٹمنٹ کے اضافی سلاٹ الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی سفارتی ادارے ہفتہ کے دن کام نہیں کرتے لیکن درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی اور درخواست گذاروں کی سہولت کیلئے ہفتہ کے دن بھی کام کا فیصلہ کیا گیا۔ کورونا وباء کے دوران ویزا کی درخواستوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ نے عوام کی سہولت کیلئے بعض فیصلے کئے ہیں۔ جنوری اور مارچ 2023 کے درمیان واشنگٹن سے بڑی تعداد میں عارضی کونسلر آفیسرس ہندوستان پہنچے تاکہ ویزا کی درخواستوں کی یکسوئی کے عملے کی تعداد میں اضافہ ہو۔ ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ نے سفارتخانہ اور کونسلیٹس کیلئے کونسلر آفیسر کی تعداد میں مستقل طور پر اضافہ کیا ہے۔ ہندوستان میں امریکی مشن نے B1 اور B2 کے 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد اپواینٹمنٹس جاری کئے ہیں۔ ممبئی کے کونسلیٹ جنرل نے ہفتہ واری ایام کار میں اضافہ کیا ہے۔ امریکی مشن کے مطابق کورونا وباء کے سبب ویزا پروسیسنگ کے کام کاج اور دیگر امور میں فرق پڑا تھا۔ سفری پابندیوں کے خاتمہ کے بعد امریکی مشن نے 2022 میں 8 لاکھ سے زائد نان ایمیگرینٹ ویزا جاری کئے جن میں اسٹوڈنٹ اینڈ ایمپلائمنٹ ویزا کی ریکارڈ تعداد ہے۔ کونسلیٹ جنرل ممبئی ہندوستان میں ویزا کی درخواستوں میں دیگر کونسلیٹس کے مقابلہ آگے ہے۔ ممبئی کونسلر چیف جان بلارڈ نے کہا کہ ہندوستان بھر میں ہماری کونسلر ٹیمیں زائد گھنٹے کام کرتے ہوئے بین الاقوامی مسافرین کی ضرورتوں کی تکمیل کررہی ہیں اور انتظار کے وقت کو کم کیا گیا ہے۔ امریکہ سفر کرنے والے افراد کی سہولت کیلئے اضافی کارکردگی کا فیصلہ کیا گیا۔ر