جاریہ ماہ سرگرمیوں کا آغاز، ریاستی وزیر سریدھر بابو سے کمپنی کے وفد کی ملاقات
حیدرآباد ۔16۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے اعلان کیا کہ امریکی ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ کمپنی پروٹو لیابس کی جانب سے حیدرآباد میں گلوبل کیپبلیٹی سنٹر قائم کیا جائے گا۔ امریکی کمپنی نے ہندوستان میں اپنی سرگرمیوں کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی نے گلوبل ٹکنالوجی اور انجنیئرنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ۔ پروٹو لیابس کمپنی کے وفد نے ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو سے ملاقات کی اور ہندوستان میں کمپنی کے توسیعی منصوبہ سے واقف کرایا۔ وفد میں چیف فینانشیل آفیسر ڈین اسکیوماچر ، چیف ہیومن ریسورس آفیسرس ایگنیس سمنگٹن ، چیف ٹکنالوجی آفیسر مارک کرمکش اور کمپنی کے انڈیا مینجنگ ڈائرکٹر آشش شرما شامل تھے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حیدرآباد تیزی سے عالمی سطح پر گلوبل کیپبلیٹی سنٹرس کے قیام کے مرکز میں تبدیل ہورہا ہے ۔ حیدرآباد میں غیر معمولی ٹکنالوجی مہارت کے نتیجہ میں عالمی ادارہ حیدرآباد کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروٹو لیابس کے توسیعی منصوبہ سے جاریہ ماہ کیپبلیٹی سنٹر میں تقریباً 300 افراد کو روزگار حاصل ہوگا ۔ اس مرکز کے ذریعہ اڈوانس انجنیئرنگ ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ ٹکنالوجی اور پراڈکٹ ڈیولپمنٹ پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ امریکی کمپنی 1999 میں قائم کی گئی اور نارتھ امریکہ کے علاوہ یوروپ میں اس کی شاخیں ہیں۔ کمپنی کے کسٹمرس کی تعداد تین لاکھ سے زائد ہے اور 100 فارچیون کمپنیاں کسٹمرس میں شامل ہیں۔ سریدھر بابو نے امریکی ادارہ کو حکومت کی جانب سے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔m/b1/k