امریکی کونسل جنرل جنیفر لارسن کی چیف منسٹر اوڈیشہ نوین پٹنائیک سے ملاقات

   

اوڈیشہ کا دو روزہ دورہ، صنعت کاروں سے ملاقات ، یونیورسٹی کا دورہ
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) امریکی کونسل جنرل جنیفرلارسن نے اپنے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ریاست کے باہر پہلا دورہ کرتے ہوئے اوڈیشہ میں چیف منسٹر نوین پٹنائیک سے ملاقات کی۔ جنیفر لارسن نے اپنے دو روزہ دورہ اوڈیشہ کے دوران کئی پروگراموں میں حصہ لیا اور مقامی عوامی نمائندوں اور بزنس لیڈرس سے ملاقات کی۔ کونسل جنرل نے کہا کہ یہ میرا پہلا دورہ اوڈیشہ ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری میں اوڈیشہ کے صنعتی اداروں سے اہم رول ادا کرنے کی خواہش کی۔ کونسل جنرل نے اوڈیشہ کی تاریخ اور اس کی تہذیب سے خود کو وابستہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دورہ سے کافی متاثر ہوئی ہیں۔ بھوبنیشور میں چیف منسٹر نوین پٹنائیک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بعد میں انہوں نے تجارتی اداروں اور شخصیتوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ جنیفر لارسن نے کلا بھومی کرافٹ میوزیم کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود آرٹ کے نمونوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے باکل لائبریری میں امریکی پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد سے ملاقات کی۔ امریکی کونسلیٹ میں رضاکارانہ تنظیم والینٹری انٹگریشن فار ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیات سے متعلق امور کا کوریج کرنے والے صحافیوں کیلئے ورکشاپس منعقد کرنے کیلئے امریکی کونسلیٹ کی جانب سے 50 ہزار ڈالر کی امداد دی گئی۔ جنیفر لارسن نے کے آئی آئی ٹی یونیورسٹی آف ٹکنالوجی کا دورہ کیا اور خاتون صنعت کاروں کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل پروگرام منعقد کیا گیا۔ جنیفر لارسن نے 12 ستمبر کو امریکی کونسلیٹ جنرل حیدرآباد کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی۔ وہ سفارتی اداروں میں تقریباً 20 سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں واشنگٹن میں کارگذار ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری برائے ہندوستان کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ وہ 2016-20 کے درمیان امریکی کونسلیٹ جنرل ممبئی میں ڈپٹی پرنسپل آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ر