امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: وانگچک

   

سری نگر، 27 نومبر (یو این آئی) ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ کی جانب سے جاری وجہ بتاؤ نوٹس کے جواب میں لیہہ میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئے اور غیر رسمی طور پر واضح کیا کہ امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کیونکہ انہوں نے نہ تو کچھ ایسا کہا ہے اور نہ ہی کوئی ایسا کام کیا ہے جس سے کسی بھی طرح امن و امان کو خطرہ لاحق ہو۔ لیہہ انتظامیہ نے جمعرات کو وانگچک کو طلب کیا تھا اور ان سے وضاحت طلب کی تھی کہ آنے والے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کے انتخابات کے سلسلے میں انہیں امن برقرار رکھنے کیلئے بانڈ جمع کرانے کا پابند کیوں نہ کیا جائے ۔ وانگچک نے بتایا کہ طلب کیے جانے کے بعد وہ جمعرات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیہہ ڈیلیکس نمگیال کے سامنے پیش ہوئے اور انہیں وضاحت دینی تھی کہ انتخابی مدت کے دوران امن برقرار رکھنے کیلئے انہیں بانڈ جمع کرانے کا پابند کیوں نہ کیا جائے ۔ مورخہ 25 نومبر کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعات 126 اور 130 کے تحت جاری کیے گئے نوٹس میں 23 نومبر کو لیہہ کے این ڈی ایس میموریل پارک میں ایک اجتماع کے دوران وانگچک کی جانب سے مبینہ طور پر دیے گئے بیانات کا حوالہ دیا گیا تھا۔ نوٹس کے مطابق وانگچک نے مبینہ طور پر سرکاری ملازمین سے اپیل کی تھی کہ وہ انتخابی مدت کے دوران اجتماعی طور پر چھٹی پر چلے جائیں۔ انہوں نے لوگوں سے موسم سرما کے دوران انتخابات کرانے کی مخالفت جاری رکھنے کی اپیل بھی کی تھی اور 27 نومبر سے 4 دسمبر، یعنی پولنگ کے دن تک، عوامی اجتماع کے بعد بھوک ہڑتال کرنے کی بھی اپیل کی تھی۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ضابطئہ اخلاق نافذ ہونے کے دوران دیے گئے ان بیانات سے امن و امان میں ممکنہ خلل اور عوامی سکون متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہوا ہے ۔
مجوزہ بانڈ میں ایک ماہ کی مدت کے لیے 10000 روپے کی رقم اور اسی مالیت کے دو ضامن پیش کرنے کی شرط رکھی گئی ہے ۔
تاہم وانگچک نے کہا کہ وہ مسلسل احتجاج کے پُرامن طریقوں، جن میں دھرنا اور بھوک ہڑتال شامل ہیں، کی حمایت کرتے رہے ہیں اور انہیں امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط کرنے کا پابند بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔