امیتھی اور رائے بریلی سے بی ایس پی کا مقابلہ

   

گاندھی خاندان کے امیدواروں کو سخت چیالنج دینے کا امکان
لکھنؤ : بہو جن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے امیٹھی اور رائے بریلی کی نشستوں میں گاندھی خاندان کو واک اوور نہیں دے گی ۔یوپی کی سیاست میں تازہ ترین پیشرفت میں مایاوتی کی قیادت والی بی ایس پی گاندھی خاندان کو اس کے گڑھ رائے بریلی اور امیٹھی لوک سبھا سیٹوں پر سخت مقابلہ دینے کے موڈ میں ہے ۔ 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر بی ایس پی لیڈر گھنشیام کھروار نے اعلان کیا کہ پارٹی نے دونوں سیٹوں کیلئے مضبوط امیدواروں کو حتمی شکل دے دی ہے اور ان کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پرینکا گاندھی اور راہول گاندھی خود ان سیٹوں سے الیکشن لڑیں تو بھی بی ایس پی ان سیٹوں سے ان کے خلاف جیتنے کی صلاحیت کے ساتھ مضبوط امیدوار کھڑا کرے گی۔ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ چونکہ سونیا گاندھی راجیہ سبھا کی رکن بن چکی ہیں اور رائے بریلی سے انتخاب نہیں لڑنے والی ہیں، اس لیے کانگریس پرینکا گاندھی کو اس سیٹ سے میدان میں اتارے گی جبکہ امیٹھی سیٹ کیلئے ابھی تک کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ یہ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ کانگریس اس سیٹ سے راہول گاندھی کو کھڑا کرے گی۔ چونکہ بی ایس پی نے ابھی تک ان سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے اس لیے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ بی ایس پی گاندھی خاندان کے خلاف امیدوار نہ اتار کر انہیں واک اوور دینے کا منصوبہ بنا سکتی ہے۔