تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں ہونے کے سی آر کا دعویٰ ، بی جے پی کو دھول چٹانے پارٹی قائدین کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : اسمبلی حلقہ منگوڑ میں ضمنی انتخاب کے لیے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہونچ چکی ہیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے جلسہ عام سے ایک دن قبل چیف منسٹر کے سی آر ٹی آر ایس کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے ۔ ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے آج اسمبلی حلقہ منگوڑ کا دورہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کل پرگتی بھون میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں اسمبلی حلقہ منگوڑ کے ضمنی انتخاب پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے وزراء کو بتایا کہ اس مرتبہ ضمنی انتخاب میں حلقہ منگوڑ سے ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ ابھی تک جتنے بھی سروے کرائے گئے ہیں تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں گئے ہیں ۔ چیف منسٹر نے ضلع نلگنڈہ کی نمائندگی کرنے والے تمام عوامی منتخب نمائندوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی اداروں کے منتخب عوامی نمائندوں سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے تال میل کرتے ہوئے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ کابینہ اجلاس کے بعد ضلع نلگنڈہ کے ٹی آر ایس قائدین سے چیف منسٹر نے علحدگی میں ملاقات کی اور انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا ۔ امیدوار کسی کو بھی بنائے پارٹی کے تمام قائدین کو متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے بی جے پی کے اچھل کود کو بریک لگانے کا مشورہ دیا ۔ بی جے پی کو دھول چٹانے کے لیے خصوصی حکمت عملی کے ساتھ کام کرنے اور پارٹی قائدین کو تنازعات سے دور رہنے پر زور دیا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ متحدہ ضلع نلگنڈہ میں گذشتہ چار سال کے دوران دو اسمبلی حلقوں حضور نگر اور ناگر جنا ساگر میں ٹی آر ایس نے شاندار کامیابی درج کی ہے ۔ اس سے زیادہ اسمبلی حلقہ منگوڑ میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے تمام سیاسی طاقت جھونک دینے پر زور دیا ۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی آج اسمبلی حلقہ منگوڑ پہونچ گئے ۔ چیف منسٹر کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ۔ انہوں نے مییا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے اپنی ذاتی مفادات کی خاطر استعفیٰ دیا ہے اور اپنی عزت نفس کو بی جے پی کے پاس رہن رکھدیا ۔ جب بھی ضمنی انتخابات ہوں گے ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ کانگریس اور بی جے پی دوسرے مقام کے لیے مقابلہ کررہی ہے ۔ انہیں امید ہے کمیونسٹ جماعتوں کی ٹی آر ایس کو تائید حاصل ہوگی ۔۔ ن