گاندھی نگر، 18 مارچ (یو این آئی) امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر امیت شاہ نے ہفتہ کو گجرات کے کلول میں ناردی پور تالاب کا افتتاح کیا اور وسن تالاب اور کلول کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور ای لانچ کیا۔ شاہ نے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (دشا) کی میٹنگ کی صدارت کی اور گاندھی نگر کے سول اسپتال میں مفت خوراک کی مہم کا افتتاح کیا۔ ناردی پور گاؤں میں تقریباً 4.5 کروڑ روپے کی لاگت سے اور وسن گاؤں میں تقریباً 2 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک تالاب بنایا گیا ہے ۔ ہمارے آباؤ اجداد کے بنائے ہوئے دونوں تالاب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے خراب حالت میں تھے جنہیں بہتر کیا گیا۔ اب یہاں کے نوجوانوں کو ان تالابوں کی دیکھ بھال اس طرح کرنی ہے کہ آئندہ 20-30 سال تک کوئی نیا تالاب بنانے کی ضرورت ہی نہ پڑے ۔ اس موقع پر امور داخلہ کے مرکز وزیر نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کے لیے مقامی لوگوں کا تعاون بہت ضروری ہے ۔