نئی دہلی، 19 اگست (یو این آئی) مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ جمعرات کو تمل ناڈو میں جنوبی زونل کونسل کی میٹنگ میں شرکت کرنے کے بعد جمعہ کو مغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر سلی گوڑی جائیں گے ۔ مسٹر شاہ جمعہ کو سرحدی سلامتی سے متعلق مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور متعدد منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے ۔ وہ سلی گوڑی میں سشستر سیما بل (ایس ایس بی) کے جوانوں سے بھی خطاب اور تبادلۂ خیال کریں گے ۔
مرکزی وزیرِ داخلہ بعد میں دن میں تین نئے فوجداری قوانین پر مبنی ایک نمائش کا افتتاح کریں گے ۔ ہفتے کے روز وہ سلی گوڑی میں سرحدی سلامتی سے متعلق ایک میٹنگ کی صدارت کریں گے ۔ سلی گوڑی شمال مشرقی ہندستان کو باقی ملک سے جوڑنے والا دفاعی اور حکمتِ عملی کے اعتبار سے انتہائی اہم علاقہ ہے ، اس لیے وزیرِ داخلہ کے اس دورے کو کافی اہم مانا جا رہا ہے ۔