امیت شاہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے محمود علی کیرالا روانہ جنوبی ریاستوں کی علاقائی کونسل کا اجلاس

   


حیدرآباد ۔2 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی آج کیرالا کی راجدھانی تھرواننتاپورم روانہ ہوئے جہاں وہ کل 3 ستمبر کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے طلب کردہ جنوبی ریاستوں کی علاقائی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ جنوبی ریاستوں کے درمیان باہمی تنازعات کی یکسوئی کیلئے یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ محمود علی اجلاس میں چیف منسٹر کے سی آر کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس میں جنوبی ریاستوں کے چیف منسٹرس کو مدعو کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں تلنگانہ کی نمائندگی کے بارے میں الجھن برقرار تھی لیکن لمحہ آخر میں چیف منسٹر نے وزیر داخلہ کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی ۔ کے سی آر 2016 ء سے اجلاس میں شرکت سے گریز کر رہے ہیں اور ان کی نمائندگی وزیر داخلہ اور چیف سکریٹری کرتے رہے۔ بی جے پی کے ساتھ بڑھتی کشیدگی اور امیت شاہ کی جانب سے حالیہ دورہ تلنگانہ کے موقع پر کے سی آر خاندان کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد اندیشہ تھا کہ کے سی آر اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔ تلنگانہ سے کسی بھی نمائندہ کو روانہ نہ کرنے کی صورت میں مرکز سے کشیدگی میں اضافہ کے امکانات کا جائزہ لینے کے بعد وزیر داخلہ محمود علی کو کیرالا روانہ کیا گیا۔ تلنگانہ سے چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کی شرکت متوقع ہے ۔ گزشتہ سال علاقائی کونسل کا اجلاس تروپتی میں منعقد ہوا تھا جس میں تلنگانہ نے شرکت نہیں کی۔ ر