تلگو دیشم، جے ڈی یو اور ایل جے پی کا محتاط موقف، فوری عمل آوری کے بجائے جامع مشاورت پر زور
حیدرآباد۔ 16 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس اعلان کے بعد کے این ڈی اے کی ملک گیر 21 ریاستوں کی حکومت میں یکساں سول کوڈ (UCC) نافذ کیا جائے گا۔ این ڈی اے کی تین اہم اتحادی جماعتوں تلگودیشم، جنتادل یو (JDU) اور لوک جن شکتی پارٹی (LJP۔ رام ولاس) نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری فیصلہ کرنے کے بجائے جامع مشاورت اور احتیاط کا راستہ اپنانے پر زور دیا ہے۔ تلگودیشم پارلیمانی پارٹی کے قائد ایل کرشنا دیورایالو نے واضح کیا کہ پارٹی میں فی الحال اس معاملے پر کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑھنے پر ہی یو سی سی کے نفاذ پر غور کیا جائے گا اور اس سے قبل تمام اقلیتی و متعلقہ طبقات کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ جے ڈی یو کے ورکنگ پریسیڈنٹ سنجے جھا نے کہا کہ پارٹی تمام مذاہب کے ماننے والوں سے اتفاق رائے قائم کرنا چاہتی ہے اور وہ اس پر امیت شاہ سے ملاقات کریں گے۔ بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر وجئے کمار چودھری نے کہا کہ بل کے تفصیلی مطالعہ کے بعد ہی اس پر پارٹی کی رائے پیش کی جائے گی جبکہ پارٹی کے سینئر قائد شیام رزاق کا کہنا تھا کہ بہار میں اسے نافذ کرنے کا کوئی عملی فائدہ نہیں ہے۔ لوک جن شکتی پارٹی (LJP۔ رام ولاس) کے مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے تجاویز کو عوامی سطح پر لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام بااثر و متاثرہ گروہوں کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے اور تفصیلی بحث کے بعد ہی پارٹی اپنا حتمی موقف طئے کرے گی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق این ڈی اے کا حصہ ہونے کے باوجود تلگودیشم اور جے ڈی یو کا اہم ترین قومی مسائل پر آزادانہ موقف رہا ہے۔ (جیسے 2019 میں جے ڈی یو نے آرٹیکل 370 کی تنسیخ کی حمایت میں ووٹ نہیں دیا تھا) جہاں اتراکھنڈ، گجرات، آسام اور مدھیہ پردیش جیسی بی جے پی حکمرانی والی ریاستیں یو سی سی قوانین پاس کرچکی ہیں۔ وہیں دیگر اتحادی ریاستوں میں اسے نافذ کرنے سے قبل وسیع تر اتفاق رائے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ 2؍F
اسمبلی میں بی جے پی اور سی پی آئی کی تحریکات التواء نامنظور
حیدرآباد۔16۔ستمبر (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے بی جے پی اور سی پی آئی کی تحریکات التواء کو نامنظور کردیا۔ وقفہ سوالات کے بعد اسپیکر نے دونوں تحریکات کو نامنظور کرنے کا اعلان کیا ۔ بی جے پی نے 17 ستمبر کو سرکاری سطح پر تلنگانہ لبریشن ڈے کے اہتمام کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک التواء پیش کی۔ سی پی آئی کے سامبا سیوا راؤ نے حیدرآباد میں ڈیٹا سنٹرس کے قیام سے ماحولیات اور عوامی صحت پر مضر اثرات کے پیش نظر ڈیٹا سنٹرس کے قیام کا ازسرنو جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر نے اسمبلی کے دیگر قواعد کے تحت ان مسائل کو پیش کرنے کا مشورہ دیا۔1/k