پروگرام میں معمولی تبدیلی، تلنگانہ بی جے پی قائدین کی جانب سے تیاریاں
حیدرآباد ۔ 2 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کے دورہ تلنگانہ میں معمولی تبدیلی ہوئی ہے۔ وہ 14 اپریل کی بجائے 15 اپریل تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی دوسرے مرحلہ کی پدیاترا کا آغاز کریں گے۔ پانچ ریاستوں کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد بی جے پی قیادت نے اپنی ساری توجہ جنوبی ہند بالخصوص تلنگانہ پر مرکوز کردی ہے۔ تلنگانہ کو اگلا نشانہ مختص کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کیلئے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہے۔ بی جے پی قائدین کو حیدرآباد ہیڈکوارٹر پر قیام کرنے کے بجائے اپنے اسمبلی حلقوں کو پہنچ کر کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آر ایس ایس کی جانب سے ریاست کے جن اسمبلی حلقوں پر بی جے پی کے امکانات ہیں ان کی فہرست تیار کرتے ہوئے کام کیا جا رہا ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے اپنے دوسرے مرحلہ کی پدیاترا گدوال جوگولامبا سے شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس کو بی جے پی قیادت سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد قطعیت دے دی تھی اور وزیرداخلہ امیت شاہ اس پروگرام میں مہمان خصوصی شرکت کرنے والے تھے۔ تاہم 14 اپریل کو دستورساز ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی یوم پیدائش تقاریب سارے ملک میں بڑے پیمانے پر منائی جارہی ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ بھی مختلف پروگرامس میں شرکت کرنے والے ہیں جس کی وجہ سے امیت شاہ کے پروگرام میں معمولی تبدیلی ہوئی ہے۔ وہ 14 اپریل کے بجائے 15 اپریل کو تلنگانہ کے دورہ پر پہنچیں گے۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے گدوال براہ روڈ پہنچنے میں تاخیر ہونے کا اندازہ کرتے ہوئے کرنول سے براہ روڈ گدوال پہنچنے کا روٹ میاپ تیار کیا گیا ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے پہلے ترتیب دیئے گئے پروگرام کے مطابق 14 اپریل کو جوگولامبا مندر پرجا سنگرام پروگرام کیلئے خصوصی پوجا کا اہتمام کریں گے اور وہیں شب بسری کرینگے۔ن