امیرکویت کے صاحبزادے شیخ احمد نواف نئے وزیراعظم نامزد

   

کویت سٹی : امیرِکویت کے صاحب زادے شیخ احمد نواف الصباح کو خلیجی ریاست کا نیا وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح نے ایک امیری فرمان کے تحت انھیں نگران وزیراعظم شیخ صباح الخالد کی جگہ نامزد کیاہے۔ان کے پیش رو نے مالی اصلاحات پر پارلیمان کے ساتھ اختلافات کے بعد کابینہ کے سربراہ کی حیثیت سے استعفا دے دیا تھا۔گذشتہ ماہ جون میں ولی عہد نے کہا تھا کہ وہ پارلیمنٹ تحلیل کررہے ہیں اور قبل ازوقت انتخابات کا حکم نامہ جاری کریں گے۔ اس اقدام کا حزب اختلاف کے قانون سازوں نے خیرمقدم کیا تھا۔انھوں نے نئے وزیراعظم کی نامزدگی کے لیے ولی عہد پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے دھرنا بھی دیا تھا۔نامزد وزیراعظم شیخ احمد سبکدوش ہونے والی نگران حکومت میں نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ تھے۔انھیں مارچ میں یہ منصب سونپے گئے تھے۔اس حکومت نے اپریل میں پارلیمان میں عدم تعاون کی تحریک سے قبل اپنا استعفا پیش کردیا تھا۔ان کے پیش رو شیخ صباح2019 کے آخر سے وزیراعظم چلے آرہیتھے۔