اشیاء کی ڈیلیوری میں تیزی پیدا ہوگی ، انڈین انوویشن انڈیکس میں تلنگانہ کو دوسرا مقام
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرنے والی ریاستوں کے انڈین انوویشن انڈیکس میں ریاست تلنگانہ کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ گذشتہ 7 سال سے ریاست میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔ شمس آباد ایرپورٹ پر امیزان ایر کارگو کا طیارہ پرائم ایر کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے امیزان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امیزان کا سب سے بڑا کیمپس حیدرآباد میں موجود ہے ۔ امیزان ویب سرویس کے ذریعہ 36,300 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔ ایویشن شعبہ میں بھی تلنگانہ تیزی سے ترقی کرنے کا دعویٰ کیا ۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کا دنیا کے اہم ایرپورٹس میں شمار ہوتا ہے ۔ حیدرآباد گرین سٹی ایوارڈ کے لیے بھی منتخب ہوا ہے جو قابل فخر ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ امیزان کے ہوائی خدمات میں حصہ داری سے ممبئی ، بنگلورو ، حیدرآباد ، دہلی جیسے شہروں میں اشیاء کی ڈیلیوری میں تیزی پیدا ہوگی ۔ جس کے لیے بوئنگ 737-800 طیاروں سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ بنگلورو کی کویک جیٹ ادارے نے امیزان سے اشتراک کیا ہے ۔ ملک میں ایک ای کامرس ادارہ کی جانب سے تھرڈ پارٹی ہوائی خدمات کا استفادہ پہلی مرتبہ ہورہا ہے ۔ امیزان نے امریکہ میں پہلی مرتبہ 2016 اس طرح کی پہلی خدمات کا آغاز کیا تھا ۔ اس کے بعد اس خدمات کو برطانیہ تک توسیع دی ۔ امریکہ اور برطانیہ کے بعد اس طرح کی خدمات ہندوستان میں شروع ہورہی ہے ۔ ہندوستان میں اس خدمات کو ’ پرائم ایر ‘ کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے ۔۔ ن