امیزان سی ای او کا فون ہیک کرنے کے الزامات غلط: سعودیہ

,

   

ریاض ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایمازون ڈاٹ کام انکارپوریشن کے بانی جیف بیزوز کے فون کی ہیکنگ میں ریاست کے ملوث ہونے کی میڈیا رپورٹس مضحکہ خیز ہیں۔واضح رہے کہ امریکی اخبار دی گارجین نے گزشتہ روز ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ شائع کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ جیف بیزوز کا فون 2018 میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ذاتی واٹس ایپ اکاؤنٹ سے ملنے والے پیغام کے بعد ہیک کرلیا گیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سعودی ولی عہد کے زیر استعمال نمبر سے بھیجا گئے انکرپٹڈ پیغام میں ایسی فائلز بھیجی گئیں جس سے جیف بیزوز کے فون سے چند گھنٹوں میں بڑی تعداد میں ڈیٹا چوری کیا۔اخبار نے سعودی ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ہیکنگ کی وجہ جیف بیزوز کی واشنگٹن پوسٹ کی ملکیت ہوسکتی ہے جہاں سعودی عرب کے ناقد مقتول صحافی جمال خاشقجی کے آرٹیکلز شائع ہوتے تھے۔ایمازون کے چیف ایگزیکٹو اور سعودی حکومت کے درمیان گزشتہ سال کے آغاز میں تعلقات اس وقت خراب ہوئے تھے جب انہوں نے خاشقجی کے قتل پر واشنگٹن پوسٹ کی خبروں پر سعودی عرب کی ناراضی کا اشارہ دیا تھا۔