امیزون جنگلات کے تحفظ کیلئے برازیل کو جرمنی کا پیاکیج

   

برلن : جرمن چانسلر اولاف شولس کے دورہ برازیل کے دوران اعلان کردہ اس پیاکیج میں سبز توانائی اور جنگلات کی بحالی کے اقدامات شامل ہیں۔ چانسلر نے ’عالمی سطح پر برازیل کی واپسی‘ کا بھی خیر مقدم کیا۔جرمن چانسلر اولاف شولس نے 30 جنوری پیر کے روز برازیل کے دارالحکومت برازیلیا کے دورے کے دوران ایمیزون کے جنگلات کے تحفظ کے مقصد سے برازیل کی مدد کے لیے تقریبا ً215 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔اس موقع پر جرمن چانسلر نے یہ بھی کہا کہ وہ برازیل کی عالمی سطح پر واپسی سے کافی خوش ہیں۔ برازیل کے نئے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈی سلوا کے حلف اٹھانے کے چند ہفتوں بعد ہی یہ دورہ اور بیانات سامنے آئے ہیں۔جرمن چانسلر اولاف شولس چلی اور ارجینٹائن جیسے جنوبی امریکی ممالک کا دورہ کرنے کے بعد برازیل کا دورہ کر رہے ہیں۔اس امدادی پیاکیج میں ایمیزون کے جنگلات کے تحفظ کے لیے برازیل کی ریاستوں کو 31 ملین یورو کا نیا فنڈ بھی شامل ہے۔ جرمن وزارت ترقی کا کہنا ہے کہ تقریبا ً93 ملین یورو کی رقم جنگلات کی بحالی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔