امیگریشن عہدیدار کو تھپڑ مارنے والی خاتون کو سزائے قید

   

ڈین پسار (انڈونیشیا)۔ 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک برطانوی خاتون کو یہاں کی ایک عدالت نے سیاحتی جزیرہ بالی میں ایک امیگریشن آفیسر کو تھپڑ رسید کرنے کی پاداش میں 6 ماہ کی سزائے قید سنائی ہے۔ خاتون کا ویزا غیرکارکرد ہوگیا تھا جس کی وجہ سے اسے طیارہ پر سوار ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ یہ واقعہ گزشتہ سال رونما ہوا تھا اور ویڈیو فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ عوج تقدس نامی خاتون بالی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر امیگریشن عہدیدار کو نہ صرف بھلا برا کہہ رہی ہے بلکہ طمانچہ بھی رسید کردیا۔ یہ ویڈیو وائرل ہوگیا تھا۔ معاملہ کی سماعت کے بعد عدالت سے اسے 6 ماہ کی سزائے قید سنائی ہے تاہم خاتون نے اس فیصلہ کو چیلنج کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ خاتون سے کہا گیا تھا کہ اسے ویزا کی تاریخ گزر جانے کے باوجود انڈونیشیا میں غیرقانونی طور پر قیام کرنے پر 4,000 ڈالرس جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ یہ سن کر خاتون برہم ہوگئی تھی۔ اس مقدمہ کی سماعت ڈسمبر میں شروع ہوئی تھی جبکہ ویڈیو کے بارے میں خاتون نے کہا کہ اس کے ساتھ (ویڈیو) چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔