انتخابی بانڈز پر عدالت کے فیصلہ سے مودی کی بدعنوانی بے نقاب

   

نئی دہلی: کانگریس نے انتخابی بانڈز پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ یہ بدعنوانی کا معاملہ ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی اس سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں اور عدالت کے فیصلے سے ان کی بدعنوانی بے نقاب ہوئی ہے ۔کانگریس کے میڈیا اور پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا، “آج معزز سپریم کورٹ کی طرف سے الیکٹورل بانڈز پر ایک اہم فیصلہ آیا ہے اور مودی حکومت کی ‘الیکٹورل بانڈ اسکیم’ کو منسوخ کرنے کے کورٹ کے متفقہ فیصلے کا کانگریس خیر مقدم کرتی ہے ۔انہوں نے کہا، “آج وزیر اعظم اور ان کی بدعنوانی بے نقاب ہو گئی ہے ۔ وزیر اعظم نے منی بل لا کر اسے قانونی شکل دی تھی تاکہ ایم ایل ایز کو خریدا جا سکے ، اپنے دوستوں کو کوئلے کی کانیں، ہوائی اڈے دیے جا سکیں۔ الیکٹورل بانڈ اسکیم کرپشن کا معاملہ ہے جس میں وزیر اعظم براہ راست ملوث ہیں۔ ملک پر انتخابی بانڈز کو تھوپاگیا، جب کہ الیکشن کمیشن، وزارت خزانہ اور وزارت قانون کے حکام نے اس کی مخالفت کی تھی۔”مسٹر کھیڑا نے کہا، “آج یہ بات واضح ہو گئی ہے – مودی حکومت صرف کمیشن، رشوت خوری اور کالے دھن کو چھپانے کے لیے ہی ‘الیکٹورل بانڈز’ لائی تھی۔ یہ بانڈز مودی کی ‘بدعنوانی بڑھاؤ پالیسی’ کی وہ سازش ہے جو آج پورے ملک کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے ۔ مسٹرمودی کی ایسی بدعنوان پالیسیاں جمہوریت کے لیے انتہائی خطرناک اور ملک کے لیے خطرہ ہیں۔ الیکٹورل بانڈ اسکیم بدعنوانی کا معاملہ ہے جس میں وزیر اعظم براہ راست ملوث ہیں۔”