مقبوضہ بیت المقدس : اسرائیل میں یہودی مذہب کی تعلیم اور فروغ کیلئے اپنے آپ کو پیش کرنے والے انتہا پسند یہودیوں نے فوج میں لازمی خدمات دینے کے حالیہ حکم نامے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے فوجی اڈے پر چڑھائی کر دی۔مذہب پسند بنیاد پرست یہودی درجنوں کی تعداد میں تھے۔ جو تل ابیب کے نزدیک زبردستی ایک فوجی اڈے پر چڑھ دوڑے۔ان یہودیوں کا فوجی اڈا پر احتجاجی حملہ اس وقت ہوا جب اسرائیلی فوج ممکنہ ایرانی میزائل حملے کی وجہ سے تیاریوں میں مصروف ہے اور کسی بھی وقت ایران سے حملے کے خوف کی وجہ سے اسرائیلی عوام بھی پریشان ہے۔دس ماہ سے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کی وجہ سے اسرائیلی حکومت نے ریزرو فوجیوں کو لاکھوں کی تعداد میں بلا لیا تھا۔اس دوران ایک معرض التواء مقدمہ جب عدالت کے سامنے آیا تو اس نے ماہ جون میں مذہبی یہودہوں کیلئے بھی فوجی خدمات کو لازمی قرار دیتے ہوئے ان کیلئے جاری استثناء ختم کرنے کا اعلان کیا۔