حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے ڈی جی پی کی حیثیت سے مسٹر انجنی کمار نے آج اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ اس موقع پر ریاستی پولیس ہیڈکوارٹر کی عمارت کو نئے ڈی جی پی کے استقبال کیلئے تیار کرلیا گیا تھا ۔ سبکدوش ڈی جی پی مہیندر ریڈی سے انہوں نے جائزہ حاصل کرلیا ۔ انجنی کمار بہ حیثیت اے سی بی ڈی جی خدمات انجام دے رہے تھے ۔ گذشتہ روز ریاستی حکومت نے انہیں ڈی جی پی ریاست تلنگانہ مقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ۔ اپنے عہدے کا جائزہ لینے کے بعد انجنی کمار نے پرگتی بھون پہونچکر چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر پولیس عہدیدار کو چاہئے کہ وہ ایک لیڈر کی طرح خدمات انجام دیں ۔ انہوں نے تلنگانہ کے عوام کو یقین دلایا کہ وہ فوری ردعمل ظاہر کرنے والے سسٹم کے تحت ہمیشہ عوام کی حفاظت کیلئے متوجہ و دستیاب رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی دور اندیشی کے سبب ریاست میں امن و امان اور ترقی ملک کیلئے ایک مثال ہے۔ ڈی جی پی تلنگانہ انجنی کمار ریاستی پولیسنگ پر خصوصی گرفت رکھتے ہیں ۔ بہ حیثیت حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر خدمات انجام دینے کے سبب انہیں کافی تجربہ حاصل ہے ۔ ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد کے عوام کو بھی ان سے کافی توقعات پائے جاتے ہیں۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کی حیثیت سے خدمات کے دوران شہر کے بگڑتے حالات کو قابو میں رکھنے اور امن و امان کی برقراری اور فرینڈلی پولیسنگ میں انہوں نے نمایاں خدمات انجام دئیے۔ اور ریاستی حکومت کی توقعات پر کھرے اترے ہیں ۔ ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے انہیں تلنگانہ کا ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مقرر کردیا ۔ مسٹر انجنی کمار آئی پی ایس 1990 بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے 1998-99 میں بوسنیا میں خدمات انجام دیں ۔ع
اور اقوام متحدہ کا دو مرتبہ امن ایوارڈ ، پیس میڈل بھی حاصل کیا ۔ انجنی کمار آئی پی ایس کی تربیت سے ہی اپنی صلاحیتوں کو منوانے میں اور انعامات کو حاصل کرنے میں خصوصی شناخت رکھتے ہیں اور اپنی خدمات سے انہوں نے راشٹرپتی میڈل اور پریسیڈنٹ پولیس میڈل کے علاوہ ماویسٹ علاقوں میں خدمات کو انجام دیتے ہوئے انٹرنل سیکوریٹی میڈل بھی حاصل کیا ۔ اس کے علاوہ ان کو شہر حیدرآباد میں پولیس کی تاریخ پر طویل تحقیق کا ایک اعزاز بھی حاصل ہے ۔ ریاستی پولیس محکمہ میں آج ایک اور بڑی تبدیلی ہوئی ۔ مہیندر ریڈی کے ریٹائرمنٹ اور انجنی کمار کے جائزہ حاصل کرنے کے علاوہ مسٹر سنجے کمار جین نے بہ حیثیت ایڈیشنل ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا ۔۔ ع