اندراماں ہاؤزنگ، 5 لاکھ روپئے کے خرچ سے 15 دن میں تعمیر

   

شیروالی طریقہ کار کا ماڈل ہاؤس اسٹارٹ اپ کمپنی کی ضلع سنگاریڈی کے جنارم میں تعمیر
حیدرآباد ۔ 10 مئی (سیاست نیوز) اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی 5 لاکھ روپئے کے بجٹ میں مختلف طریقوں سے تعمیر کرنے کیلئے مختلف ایجنسیاں دلچسپی دکھا رہی ہیں۔ ایک اسٹارٹ اپ کمپنی نے ہاؤزنگ کارپوریشن کی ہدایت پر ضلع سنگاریڈی کے جنارم میں 400 مربع فیٹ کا ’’ماڈل ہاؤس‘‘ مثالی مکان تعمیر کیا ہے۔ صرف 15 دن میں اندرون 5 لاکھ روپئے کے اخراجات سے شیروال طریقہ استعمال کرتے ہوئے اس گھر کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔ جنارم میں ماڈل ہاؤس کی تعمیر کے ایک حصہ کے طور پر 5 دن میں بنیاد، 6 دن میں دیواریں اور سلاب اور 4 دن میں ماباقی کاموں کو مکمل کرنے کا اس کمپنی کے ذمہ دار ملکارجن نے میڈیا کے سامنے وضاحت کی ہے۔ 6 مزدوروں کے ساتھ مکمل طور پر ماحول دوست طریقہ سے مکان تعمیر کیا گیا ہے۔ ہاؤزونگ کارپوریشن کے چیف انجینئر چیتنہ کمار نے بتایا کہ کم خرچ میں اندراماں مکان مقررہ بجٹ میں تعمیر کرنے کیلئے مختلف ایجنسیوں کو موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ شیروال طریقہ کار کے تحت 22.3 فیٹ لمبا اور 18 فیٹ چوڑا جملہ 400 فیٹ سلاب کے ساتھ 60 سال تک پائیدار رہنے والا مکان تعمیر کیا جارہا ہے۔ ہم نے اس کو G+1 کے مناسبت سے تعمیر کیا ہے۔ مستقبل میں گھر پر ایک اور منزل تعمیر کی جاسکتی ہے۔ 8mm اور 10mm اسٹیل، ریڈی مکس سیلف کمپیکٹ کنکریٹ اور المونیم پیانلس کا استعمال کیا گیا ہے۔ بیرونی دیواریں 150 ملی میٹر کی موٹائی کے ساتھ تعمیر کی گئی ہیں۔ یہ طریقہ گھر میں دراڑیں اور لکیجس کو روکتا ہے۔ پلاسٹرینگ کی ضرورت نہیں رہے گی۔ کمپنی نے وضاحت کی ہیکہ یہ 60 سال تک اچھی حالت میں رہے گا۔2