اندراماں ہاؤزنگ درخواست گذاروں کی تین زمرہ جات میں تقسیم

   

71 ہزار استفادہ کنندگان کا انتخاب، پہلے مرحلہ کیلئے عنقریب منظوری
حیدرآباد/9 فروری، ( سیاست نیوز) اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کیلئے داخل کی گئی درخواستوں کو عہدیداروں نے تین علحدہ زمرہ جات میں تقسیم کیا ہے۔ اندراماں ہاوزنگ کے تحت حکومت نے زمین رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا۔ اسکیم کے تحت داخل کی گئی درخواستوںکو تین علحدہ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مکان کیلئے اراضی رکھنے والے افراد چاہے وہ جھونپڑی یا عارضی مکان کیوں نہ ہو انہیں L-1 زمرہ میں رکھا گیا۔ اراضی نہ رکھنے والے درخواست گذاروں کو L-2 زمرہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اپنا مکان رکھتے ہوئے اندراماں ہاوزنگ مکان کیلئے درخواست دینے والوں کو L-3 زمرہ میں شامل کیا گیا۔ طبقاتی سروے کی تفصیلات کے مطابق درخواست گذاروں کی زمرہ بندی کی گئی۔ L-1 زمرہ کے تحت 21.93 لاکھ، L-2 زمرہ کے تحت 19.96 لاکھ ، L-3 زمرہ کے تحت 33.87 لاکھ درخواستوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 2.43 لاکھ درخواستوں کی جانچ کا کام ابھی باقی ہے۔ پہلے مرحلہ میں 562 مواضعات سے 71482 استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا گیا ان میں L-1 زمرہ کے 59807 استفادہ کنندگان ، L-2 کے تحت 1945 اور L-3 زمرہ کے تحت 5732 افراد شامل ہیں۔ نئی درخواستوں میں سے 3998 استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا گیا۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پہلے مرحلہ میں ایسے خاندانوں کی مدد کی جائے گی جن کے پاس مکان کیلئے اراضی موجود ہو۔ ان میں سے L-1 زمرہ کے تحت 59807 خاندانوں کی نشاندہی کی گئی۔ L-2 اور L-3 زمرہ جات میں نئے درخواستوں میں سے 11675 افراد کا انتخاب کیا گیا۔ دوسرے مرحلہ میں L-1 اور L-2 زمرہ جات کے باقی درخواست گذاروں کو مکانات منظور کئے جائیں گے۔ L-3 زمرہ کے تحت 3387 لاکھ افراد میں سے زیادہ تر اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کیلئے اہلیت نہیں رکھتے۔ حکام درخواستوں کی مزید جانچ میں مصروف ہیں۔1