اندرا گاندھی کو بتکماں تہوار سے گہری وابستگی تھی: پرینکا گاندھی

   

ٹوئٹر پر 1978 کی تاریخی تصویر کو شیئر کیا
حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو تلنگانہ کے روایتی تہوار بتکماں سے کافی لگاؤ تھا اور 1978 میں بتکماں فیسٹول میں اندرا گاندھی کی شرکت سے متعلق تاریخی تصویر کو پرینکا گاندھی نے ٹوئیٹر پر پیش کیا۔ دہلی میں تلنگانہ کے بتکماں تہوار کی سہ روزہ تقاریب جاری ہیں۔ اس موقع پر پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر تلنگانہ عوام اور خاص طور پر خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آنجہانی اندرا گاندھی کو بتکماں تہوار سے گہرا تعلق تھا۔ 1978 میں ورنگل میں منعقدہ بتکماں فیسٹول میں اندرا گاندھی نے شرکت کی تھی۔ پرینکا نے لکھا کہ اندرا گاندھی مختلف تہذیبوں سے باآسانی ہم آہنگ ہونے والی شخصیت تھیں۔ پرینکا گاندھی نے لکھا کہ اس تہوار میں سارے گاؤں کی خواتین سج دھج کر پھولوں کے ساتھ بتکماں تیار کرتے ہوئے خوشیاں مناتی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اندرا گاندھی کی تصویر کے ساتھ سجے سجائے بتکماں کی تصویر بھی ٹوئیٹر پر پیش کی۔ واضح رہے تلنگانہ میں بتکماں دیہی علاقوں میں مقبول تہوار ہے اور نئی ریاست کی تقسیم کے بعد کے سی آر حکومت نے اس تہوار کو سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ر