’ انصار اللہ نٹ ورک کیخلاف این آئی اے دھاوے

,

   

ٹاملناڈو کے 14 مقامات پر تلاشی مہم ۔ لیاپ ٹاپ ، موبائل ، مختلف آلات و دستاویزات ضبط
چینائی ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی نے ’ انصار اللہ ‘ دہشت گرد ٹولی کے کیس کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر ہفتہ کو ٹاملناڈو کے 14 مقامات کی تلاشی لی ۔ اس مرکزی تحقیقاتی ادارہ کے ذمہ داریوں نے ان 14 افراد کے گھروں کی تلاشی لی جنہیں سعودی عرب سے ملک بدر کیے جانے کے بعد یہاں گرفتار کیا گیا تھا ۔ این آئی اے نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا کہ ضلع رامنتا پور میں پانچ ، تھین میں دو ، چینائی ، تنجاوور ، ویلور ، ناگا پٹنم ، مدورائی اور ترنل ویلی میں ایک ایک مقام پر تلاشیاں لی گئیں ۔ اس ایجنسی نے کہا کہ ’ ان تلاشیوں کے دوران ایک لیاپ ٹاپ ، سات موبائل فونس ، پانچ سم کارڈس ، تین میموری کارڈس ، ایک ہارڈ ڈسک ڈرائیو ، دو پن ڈرائیور ، ایک انٹرنیٹ ڈونگل ، 9 سی ڈیز ، ڈی وی ڈیز اور تقریبا 50 دستاویزات ضبط کرلیے گئے ۔ ضبط شدہ اشیاء این آئی اے مقدمات کی خصوصی عدالت میں پیش کی جائیں گی اور ڈیجیٹل آلات سائبر فارنسک معائنوں کیلئے بھیجی جائیں گی ۔ ملزمین کے دہشت گرد تنظیموں القاعدہ ، آئی ایس آئی میں اور سیمی سے وفاداری کا عہد لینے کی معتبر ذرائع کی اطلاع کی بنیاد پر این آئی اے نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ ایجنسی کے بیان میںکہا گیا ہے کہ ’ملزمین اور ان کے ساتھی فنڈس جمع کررہے تھے ۔ وہ ملک میں اسلامی حکومت قائم کرنے کے ارادہ سے فنڈ جمع کرتے ہوئے ہندوستان میں دہشت گرد حملوں کی تیاریاں کررہے تھے ‘ ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ہندوستان میں دہشت گرد حملے کرنے کیلئے افراد کی سرگرمی سے بھرتیاں کررہے تھے ۔ دھماکہ خیز مواد ، زہر ، چاقو ، اور گاڑیوں کے بشمول مختلف طریقوں سے دہشت گرد حملے کرنے کیلئے اپنے حامیوں کو اکسانے کیلئے ویڈیوز اور دیگر جہادی پروپگنڈہ فراہم کررہے تھے ۔ این آئی نے اس کیس کے ضمن میں تاحال 16 افراد کو گرفتار کیا ہے۔