انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس کے ساتھ ہی کویتا کو خواتین تحفظات کی یاد آئی، الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے: کشن ریڈی

   

حیدرآباد۔9 ۔مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے سوال کیا کہ رکن کونسل کویتا نے شراب کا کاروبار کیا تلنگانہ کی خواتین کیلئے کیا ہے؟ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس کے بعد کے سی آر خاندان عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے ڈرامہ بازی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شراب اسکام سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے کے سی آر خاندان مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے خود کو بے قصور ظاہر کر رہا ہے ۔ خواتین تحفظات بل پر کویتا کے دھرنے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ جس پارٹی نے خواتین کو قانون ساز اداروں میں مناسب نمائندگی نہیں دی، آج وہی خواتین تحفظات پر احتجاج کے ذریعہ ہمدردی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اچانک خواتین تحفظات بل کی یاد کیوں آئی ہے؟ بی جے پی کو کسی ایک شخص کو نشانہ بنانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس خالص تحقیقاتی معاملہ ہے جس سے مرکزی حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نریندر مودی حکومت کرپشن اور بدعنوانیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ جھوٹ بیانی میں کے سی آر خاندان کا کوئی ثانی نہیں ہے اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس پر ہنگامہ دراصل الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ کویتا کو اس بات پر اعتراض ہے کہ چیف منسٹر کی دختر ہونے کے باوجود ان کے خلاف نوٹس جاری کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ مل کر شراب کا کاروبار کرنے کی اجازت کیا عوام نے دی تھی ؟ انہوں نے کہا کہ مرکز کے بارے میں بھائی بہن (کے ٹی آر اور کویتا) بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں۔ قانون کی نظر میں تمام یکساں ہیں اور قانون اپنا کام کرے گا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے خاندان اور عام آدمی کیلئے قانون الگ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کویتا سے مطالبہ کیا کہ سیل فون کو نقصان پہنچانے کی وجوہات عوام کے روبرو پیش کریں۔ر