انمیش پاٹل شیوسینا یو بی ٹی میں شامل ‘ بی جے پی کو جھٹکہ

   

ممبئی :مہاراشٹرا کی 48 لوک سبھا سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کرنے والی بی جے پی کو عین الیکشن سے قبل ہی ریاست میں ایک زوردار جھٹکہ لگا ہے۔ جلگاؤں سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ انمیش پاٹل نے ٹکٹ نہ ملنے پر بی جے پی کو چھوڑ دیا اور آج اپنے حامیوں کے ساتھ شیوسینا یو بی ٹی میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ میں شیوسینا یو بی ٹی میں شمولیت اختیار کی۔ یہ اطلاع شیوسینا یو بی ٹی کے ممبر آف پارلیمنٹ اور ترجمان سنجے راؤت نے دی ہے۔سنجے راوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ جلگاؤں کے موجودہ ایم پی انمیش پاٹل اور پارولا کے سابق میئر کرن پوار آج ماتوشری میں شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کی موجودگی میں شیوسینا خاندان میں داخل ہو گئے ہیں۔خبروں کے مطابق بی جے پی ممبر پارلیمنٹ انمیش پاٹل اپنا ٹکٹ منسوخ ہونے سے ناراض تھے۔ پاٹل کل ماتوشری گئے تھے اور ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی تھی۔ اس سے پہلے وہ رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت سے بھی ملے چکے تھے۔ بی جے پی نے جلگاؤں سے موجودہ ایم پی انمیش پاٹل کی جگہ سمیتا واگھ کو ٹکٹ دیا ہے۔ کل ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد انمیش پاٹل نے کہا تھا کہ وہ کل اپنے فیصلے کی تفصیل سے وضاحت کریں گے۔
واضح رہے کہ ادھو ٹھاکرے نے ابھی تک جلگاؤں سے اپنا کوئی امیدوار نہیں اتارا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ادھو ٹھاکرے انہیں جلگاؤں سے اپنا امیدوار بنا سکتے ہیں۔