اننت پور میں ایک ہفتہ کیلئے دوبارہ لاک ڈاون

   

حیدرآباد۔ 19جون(سیاست نیوز) آندھراپردیش کے ضلع اننت پور میں 21جون سے ایک ہفتہ کیلئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس پر سختی سے عمل کو یقینی بنایاجائے گا۔ اننت پور کے کئی علاقو ںمیں کورونا کے مریضوں کی تصدیق کے سبب انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ضلع کلکٹر جی چندروڈو آئی اے ایس اور مسٹر ایسو بابو سپرنٹنڈنٹ پولیس کے اعلامیہ کے مطابق اننت پور میں ایک ہفتہ کیلئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے سلسلہ میں ہفتہ کے دوران صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ حکومت سے ضلع انتظامیہ کو فیصلہ کا اختیار دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنے ضلع کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد لاک ڈاؤن کے ذریعہ کورونا کو پھیلنے سے روکنے اقدامات کو یقینی بنائیں ۔حکومت کی ہدایات کے بعد کلکٹر ضلع اننت پور نے سپرنٹنڈنٹ پولیس کے علاوہ دیگر عہدیداروں سے مشاورت کے بعد 21جون سے ایک ہفتہ طویل لاک ڈاؤن کا اعلامیہ جاری کیا اور لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے ضروریہ کی دکانات کو صبح 6بجے تا 11 بجے دن کھلا رکھا جاسکے گا اور اس کے بعد لاک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے گی۔