حیدرآباد ۔ 14 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت وقار آباد میں واقع اننت گیری کو’تلنگانہ او ٹی ‘ میں تبدیل کرنے اقدامات کریگی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے اننت گیری علاقہ کو منفرد انداز میں ترقی دینے کی ہدایت دیتے ہوئے اس علاقہ کی ترقی کیلئے درکار اقدامات کا تیقن دیا ہے ۔ وزیر سیاحت مسٹر سرینواس گوڑ اور وزیر تعلیم شریمتی سبیتا اندرا ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ قبل ازیں وزراء سرینواس گوڑ، سبیتا اندرا ریڈی نے رکن پارلیمان رنجیت ریڈی ، رکن اسمبلی وقار آباد مسٹر آنند صدرنشین ضلع پریشد شریمتی سنیتا ریڈی کے ہمراہ اننت گیری علاقہ کا دورہ کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر سرینواس گوڑ نے کہا کہ گزشتہ دنوں کابینہ کے اجلاس میں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے اننت گیری کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی توجہ مبذول کروائی جس پر چیف منسٹر نے فی الفور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اننت گیری علاقہ کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بناکر منفرد سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایات دیں اور کہا کہ ریاستی وزراء ‘ عوامی منتخبہ نمائندوں کے ساتھ مل کر اننت گیری علاقہ کا مکمل دورہ کر کے اس علاقہ کی منفرد ترقی کو یقینی بنانے جامع منصوبوں پر مشتمل رپورٹس انہیں پیش کریں۔ دونوں وزرا نے کہا کہ اننت گیری کو ہاسپٹل ٹورازم ٹمپل ٹورازم ، ایڈوینچر ٹورازم کے طور پر ترقی دی جائے گی اور متعلقہ عہدیداروں کو ٹیم ورکر کے طور پر کام کر کے اندرون دس یوم منصوبہ جات کے پیش کرنے کا مشورہ دیا ۔