انوسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ کی تیاریوں پر بھٹی وکرامارکا نے جائزہ لیا

   

عالمی سرمایہ کاروں کی شرکت متو قع، ریاست کی معاشی ترقی میں سمٹ کا اہم رول
حیدرآباد۔23ستمبر ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 7 تا 9 ڈسمبر فیوچر سٹی میں منعقد ہونے والے’’ انوسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026 ‘‘ کیلئے تیاریوں کو تیز کردیں اور اس تاریخی سمٹ کے موثر انعقاد کو یقینی بنائے ۔ بھٹی وکرامارکا نے ریاستی وزراء اُتم کمار ریڈی ، سریدھر بابو ، لکشمن کمار ، محمد اظہر الدین اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں گلوبل سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دوسری مرتبہ گلوبل سمٹ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں قومی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مستقبل اور معاشی ترقی کیلئے یہ سمٹ اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو سمٹ کی کامیابی کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے تیاریوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ سمٹ کے تیاری اجلاس میں چیف سکریٹری سنجے جاجو اور دیگر عہدیداروں نے ڈپٹی چیف منسٹر کو تیاریوں کی پیشرفت سے واقف کرایا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ 2047ء تک ریاست کی معیشت کو 3 ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کے مقصد سے حکومت سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے ۔ سینیئر عہدیداروں پر مشتمل 10 خصوصی کمیٹیاں انتظامات کیلئے تشکیل دی گئی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سمٹ کی تیاری میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے اور حکومت کی جانب سے فنڈس جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ریاستی وزراء کی نگرانی میں علحدہ کمیٹیوں کی تشکیل کے فیصلہ سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل سمٹ کی تشہیر کیلئے میڈیا اور سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جائے ۔ 1/S/m/b