انٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم میں ایم ایس کا شاندار مظاہرہ ، طلبہ نے تاریخ رقم کردی

   

بی پی سی گروپ میں جویریہ نور کو ریاست بھر میں پہلا اور ایم پی سی میں حافظ عفاف احمد کو دوسرا مقام
صدر نشین ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی محمد لطیف خان کی پریس کانفرنس ، طلبہ کی تہنیتی تقریب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ جس میں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے تحت چلائے جانے والے ایم ایس جونیر کالج کے طلبہ نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ ایم ایس کارپوریٹ آفس مہدی پٹنم میں پریس کانفرنس و ٹاپرس کی تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے صدر نشین جناب محمد لطیف خان المعروف میموری خاں نے بتایا کہ وہ ادارہ کی اس عظیم کامیابی پر بارگاہ رب العزت میں سجدہ شکر بجالاتے ہیں ۔ انہوں نے پر مسرت انداز میں بتایا کہ پہلی مرتبہ ایم پی سی اور بی پی سی میں ایم ایس کے طلبہ نے 1000/993 مارکس حاصل کرتے ہوئے ساری ریاست میں ٹاپ کیا ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ اکثر لڑکیاں تعلیم میں آتے رہتی ہیں لیکن ایم ایس کے انتظامیہ اس کے اساتذہ نے اس رجحان کو بھی تبدیلی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ۔ اس مرتبہ طلباء نے بھی شاندار تعلیمی مظاہرہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایم پی سی گروپ میں 3 طلبہ نے 1000/993 دو نے 1000/990 ایک نے 1000/983 نمبرات حاصل کئے ۔ انہوں نے میڈیا کو مزید بتایا کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے انتظامیہ کی جانب سے انٹر میڈیٹ ایم پی سی ، بی پی سی و دیگر گروپس میں 990 سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو 8 سال سے فی کس ایک لاکھ روپئے نقد انعام دیا جارہا ہے۔ جناب محمد لطیف خاں نے کالج کے انٹر میڈیٹ نتائج پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بتایا کہ MPC کے 3 طلبہ نے 990 سے زائد مارکس حاصل کئے ۔ 980 سے زائد مارکس حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 15 رہی جب کہ 1000 میں سے 970 نمبرات حاصل کرنے والے 29 طلبہ بھی قابل تعریف ہیں ۔ اس طرح 63 طلبہ نے 960 سے زائد نشانات حاصل کئے ۔ 900 سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کی تعداد 149 رہی ۔ دوسری جانب BPC انٹر میڈیٹ سال دوم میں 1000/990 سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 3 رہی ۔ 980 سے زائد نمبرات 53 طلبہ نے حاصل کئے ۔ 950 سے زائد نشانات لے کر اپنے اساتذہ اور والدین کا نام روشن کرنے والے طلبہ کی تعداد 251 رہی ۔ انہوں نے بتایا کہ 523 ایسے طلباء وطالبات رہے جنہوں نے 1000/900 سے زیادہ نمبرات حاصل کئے۔ سی ای سی گروپ میں اعلیٰ نمبرات 970 رہے اور تین طلباء نے 970 نشانات حاصل کئے ۔ 950 سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 17 رہی ، 96 طلباء وطالبات نے 900 سے زائد نشانات حاصل کئے ۔ MEC گروپ میں بھی ایم ایس کے طلبہ کا مظاہرہ شاندار رہا ۔ 969 اعلیٰ نمبرات رہے ۔ دو طلبہ نے 950 سے زائد اور 12 نے 900 سے زائد نمبرات حاصل کئے ۔ ایم پی سی فرسٹ ایر میں 470 میں سے 467 نمبرات 3 طلبہ نے حاصل کئے ۔ 466 نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 8 رہی ، 16 طلبہ نے 465 ، 39 طلبہ نے 460 سے زیادہ نمبرات حاصل کئے ۔ انٹر میڈیٹ سال اول بی پی سی کے تین طلبہ نے 440/438 مارکس حاصل کر کے تاریخ بنائی ۔ 440/435 نمبرات حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کی تعداد 57 رہی ۔ 430 سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ 137 رہے ۔ اس طرح بی پی سی گروپ میں جویریہ نور نے 993 مارکس حاصل کرتے ہوئے ساری ریاست میں پہلا اور حافظ عفاف احمد نے 993 نمبرات حاصل کرتے ہوئے MPC گروپ میں ساری ریاست میں دوسرا مقام حاصل کیا ۔ پریس کانفرنس اور تہنیتی تقریب میں مینیجنگ ڈائرکٹر انور احمد اور ڈائرکٹرس ڈاکٹر محمد غوث اور سعادت علی بھی موجود تھے ۔ جناب انور احمد نے ابتداء میں ایم ایس اکیڈیمی کی تعلیمی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔ جناب محمد لطیف خاں نے پر زور انداز میں کہا کہ آج ہم ایک نازک دور سے گذر رہے ہیں ۔ جہاں ہماری نئی نسل اور آنے والی نسلوں کے ایمان کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہے کیوں کہ ایمان ہاتھ سے گیا تو سب کچھ چلا جاتا ہے ۔ ایم ایس کے تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو دینی تعلیم و تربیت سے بھی سنوارا جاتا ہے ۔ خاص طور پر طالبات کے لیے ایک پاکیزہ ماحول تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ اپنے بچوں کو موبائل سے دور رکھیں ۔ موبائل نوجوان نسل کو تباہ کررہا ہے ۔ نتیجہ میں بچے اچھے برے کی تمیز سے محروم ہورہے ہیں ۔ آخر میں ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد غوث نے شکریہ ادا کیا ۔۔