انٹرنیشنل پرشین سمر اسکول کا حیدرآباد میں آغاز

   

پانچ روزہ اسکول میں انڈو ۔ پرشین ریکارڈس کے مطالعہ پر توجہ، بیرونی یونیورسٹی کے اسکالرس کو موقع فراہم

حیدرآباد ۔ 24 اگست (پریس نوٹ) انٹرنیشنل پرشین سمر اسکول کا آج یہاں تلنگانہ اسٹیٹ آرکائیوز اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں آغاز ہوا جہاں 1406 کے مخطوطات کی اسٹڈی کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں جرمنی نے تلنگانہ اسٹیٹ آرکائیوز کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ یہ پانچ روزہ اسکول، جس میں انڈو۔ پرشین ریکارڈس کو پڑھنے اور ان کا تجزیہ کرنے پر توجہ دی جارہی ہے، بیرونی یونیورسٹیز جیسے ہارورڈ یونیورسٹی، مشیگان یونیورسٹی، کیلیفورنیا یونیورسٹی، پولینڈ یونیورسٹی، تہران یونیورسٹی اور جرمنی، سنگاپور کی یونیورسٹیز کے 30 اسکالرس کو بہمنی، عادل شاہی، قطب شاہی، مغل اور آصف جاہی خاندانوں سے متعلق لاکھوں فارسی مخطوطات کے بارے میں واقف ہونے اور اس کی اسٹڈی کا موقع فراہم کررہا ہے۔ پروفیسر ایوا آرتھمن، صدر شعبہ ایرانین اسٹڈیز، یونیورسٹی آف گوٹنگن، جرمنی، جو اس پروگرام کے کوآرڈینیٹر اور کنوینر ہیں، نے کہا کہ تلنگانہ کے محکمہ آثارقدیمہ میں قرون وسطیٰ کی تاریخ کے بڑے ریکارڈس ہیں جو دنیا میں کہیں اور دستیاب ہونا مشکل ہے۔ ڈاکٹر زرینہ پروین، ڈائرکٹر اسٹیٹ آرکائیوز نے اسکالرس کو ان مخطوطات کی تشریح کرنے کی ٹیکنک کے بارے میں بتایا۔