انٹر سال اول کے تمام ناکام طلبہ پاس ‘ حکومت کا اعلان

   

حیدرآباد24۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) انٹر سال اول نتائج کے بعد طلبہ اور سرپرستوں میں پھیلی بے چینی دور کرنے حکومت نے اہم فیصلہ کیا ہے ۔ فرسٹ ایئر امتحانات میں شریک تمام امیدواروںکو اقل ترین کامیابی کے نشانات کے ساتھ پاس کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ تمام ناکام امیدواروں کو 35 فیصد نشانات دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے طلبہ جو نشانات سے مطمئن نہیں وہ آئندہ سال امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں صرف 49 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے تھے جبکہ 51 فیصد ناکام ہوئے تھے۔ نتیجہ کے بعد طلبہ تنظیموں کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا گیا۔ حکومت نے کورونا کے پیش نظر طلبہ کو امتحانات کی تیاری میں دشواریوں کا جائزہ لیتے ہوئے تمام فیل امیدواروں کو پاس کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ کورونا وباء کے باوجود امتحانات منعقد کئے گئے۔ دوردرشن کے ذریعہ طلبہ کو آن لائین کلاسس کا انتظام کیا گیا ، واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ طلبہ کی رہنمائی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ 9 ویں اور 10 ویں جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحانات پروموٹ کیا گیا ۔ طلبہ کی زندگی میں انٹرمیڈیٹ انتہائی اہمیت کے حامل ہے اور اعلیٰ تعلیم کیلئے ایک اہم موڑ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 620 اقامتی اسکولوں اور 172 کستوربا اسکولس کو انٹرمیڈیٹ میں اپ گریٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انٹرمیڈیٹ طلبہ کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ ٹی سیاٹ چیانل اور دوردرشن سے آن لائین کلاسس کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ ایئر کے امتحانات کیلئے طلبہ کو ایک ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔ 4.50 لاکھ طلبہ نے شرکت کی ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیمی مسائل کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہاکہ انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایئر میں ناکام طلبہ کو بھی پاس قرار دینے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ ر