انٹر میڈیٹ امتحانی پرچوں کی جانچ کا آغاز

   

سید عمر جلیل نے مرکز کا دورہ کیا، اواخر جون میں نتائج کا امکان
حیدرآباد۔/22 مئی، ( سیاست نیوز) انٹر میڈیٹ امتحانات کے پرچوں کی جانچ کا کام آج شروع ہوچکا ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ سید عمر جلیل نے آج حیدرآباد ویلویشن کیمپ کا دورہ کیا جو کستوربا گاندھی ویمنس کالج میں قائم ہے۔ انہوں نے پرچہ جات کی جانچ کا شخصی طور پر معائنہ کرکے ممتحن حضرات سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایگزامنر اور مضامین کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ عمر جلیل نے کہا کہ پرچہ جات کی جانچ کسی نقائص کے بغیر بہتر انداز میں انجام دی جارہی ہے اور یہ کام جلد مکمل کرلیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پرچوں کی جانچ کیلئے 15 مراکز قائم کئے گئے اور توقع ہے کہ جون کے تیسرے ہفتہ میں نتائج کا اعلان کردیا جائیگا۔ عمر جلیل نے کہا کہ انٹر امتحانات میں جملہ 9.07 لاکھ امیدواروں نے حصہ لیا۔ 25 ہزار سے زائد انویجلیٹرس، 75 فلائنگ اسکواڈز اور 150 سیٹنگ اسکواڈز کی خدمات حاصل کی گئیں۔ ریاست بھر میں نقل نویسی کے 56 معاملات درج کئے گئے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ انٹر میڈیٹ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کے نتائج مکمل شفافیت کے ساتھ جاری کئے جائیں گے۔ سید عمر جلیل نے محبوبیہ جونیر کالج گن فاؤنڈری میں واقع پرچوں کے جانچ کے مرکز کا بھی دورہ کیا۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی کے کیمپ شہر کے دو کالجس میں قائم کئے گئے ہیں۔ر