انٹر میڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج جاری

   


سیکنڈ ایئر میں 47.74 اور فرسٹ ایئر میں 67.72 فیصد امیدوار کامیاب، لڑکیوں کا بہتر مظاہرہ
حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) انٹر میڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات فرسٹ ایئر اینڈ سیکنڈ ایئر کے نتائج آج جاری کردیئے گئے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سیکنڈ ایئر اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں 47.78 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ فرسٹ ایئر کا نتیجہ 67.72 فیصد رہا۔ سیکنڈ ایئر امتحانات میں جنرل زمرہ کے تحت 102236 امیدواروں نے شرکت کی جبکہ ووکیشنل زمرہ میں 12053 امیدوار شریک ہوئے۔ جنرل زمرہ میں 48816 امیدوار جبکہ ووکیشنل میں 7843 امیدوار کامیاب رہے۔ سیکنڈ ایئر امتحانات میں لڑکوں کے مقابلہ لڑکیوں کا مظاہرہ بہتر رہا۔ طالبات کی کامیابی کا فیصد 53.59 رہا جبکہ 44.43 فیصد طلباء کامیاب رہے۔ گذشتہ دو برسوں میں ایک سال امتحانات کے بغیر طلبہ کو کامیاب کیا گیا تھا جبکہ 2020 میں سیکنڈ ایئر کا نتیجہ 69.61 فیصد رہا۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ فرسٹ ایئر اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحان میں جنرل زمرہ کے تحت 220456 امیدوار شریک رہے جبکہ ووکیشنل کورسیس کے 18955 امیدواروں نے شرکت کی۔ جنرل زمرہ میں 149285 جبکہ ووکیشنل میں 10858 امیدوارکامیاب رہے۔ امپرومنٹ کے تحت 100513 امیدوار جنرل زمرہ میں جبکہ 2146 امیدوار ووکیشنل زمرہ میں کامیاب رہے۔ جنرل زمرہ میں کامیابی کا فیصد 67.72 جبکہ ووکیشنل میں 57.28 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے۔ فرسٹ ایئر میں لڑکیوں کا نتیجہ لڑکوں سے بہتر رہا۔75.46 فیصد لڑکیاں جبکہ 61.56 فیصد لڑکے کامیاب رہے۔ر