انڈیا اتحاد کے برسراقتدارآنے پر اے پی کوخصوصی درجہ :راہول گاندھی

   

حیدرآباد 11مئی(یواین آئی) سرکردہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اعلان کیا کہ مرکز میں انڈیا اتحاد برسراقتدار آنے پر آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔انہوں نے کڑپہ میں جلسہ سے خطاب میں الزام لگایا کہ چیف منٹسر جگن موہن ریڈی کے علاوہ پون کلیان اور چندرا بابو بی جے پی کی بی ٹیم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جگن سے کبھی مرکز نے کوئی سوال نہیں کیا۔انہوں نے مرکز سے سوال کیا کہ 10 سال تک برسراقتدار رہنے کے باوجود اے پی کو خصوصی ریاست کا درجہ کیوں نہیں دیا گیا؟ پولاورم پراجکٹ کو کیوں مکمل نہیں کیاگیا؟ انہوں نے کہا کہ مرکز میں انڈیا اتحاد برسراقتدار آنے پر کڑپہ اسٹیل پلانٹ کی تکمیل کی جائے گی اور ہر سال خواتین کو ایک لاکھ روپے دئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت دی جائیگی۔30 لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں گی اور آنگن واڑی ورکز کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا۔