انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد میں 119 کورونا کی توثیق

   

طلبہ و اساتذہ کے معائنے جاری ، تدریسی و غیر تدریسی عملہ میں خوف کا ماحول
حیدرآباد۔12جنوری(سیاست نیوز) انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی حیدرآباد میں 119 کورونا وائرس کے مریضوںکی توثیق ہوئی ہے اور مزیدطلبہ و اساتذہ کے معائنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ سے خوفزدہ تدریسی و غیر تدریسی عملہ کا کہناہے کہ گذشتہ ایک ماہ سے انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے خواہش کی جا رہی ہے کہ آئی آئی ٹی ۔ حیدرآباد کی کلاسس آن لائن کردی جائیں تاکہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو روکا جاسکے لیکن تاحال انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے بلکہ ہاسٹل میں رہنے والے جن طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے ان کو ہاسٹل کے کمروں میں ہی قرنطینہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ کئی طلبہ آئی آئی ٹی سے اپنے گھر کے لئے روانہ ہونے لگے ہیں لیکن اس کے باوجود حکام کی جانب سے طلبہ کی تعلیم کو آن لائن کرنے کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جو کہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ذمہ داروں نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ آئی آئی ٹی حیدرآباد میں خدمات انجام دینے والے ملازمین ‘ تعلیم حاصل کررہے طلبہ کے علاوہ تدریسی عملہ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے اور ان کے متاثر ہونے کی توثیق کے بعد ان سے رابطہ میں آنے والے تمام طلبہ اور اساتذہ کے علاوہ تنظیمی و غیر تدریسی عملہ کے معائنوں کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں انڈر گریجویٹ ‘ گریجویٹ‘ پوسٹ گریجویٹ‘ اساتذہ کے علاوہ پلمبر اور دیگر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکام نے آئی آئی ٹی حیدرآباد میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے آن لائن تعلیم کے انتظامات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور ساتھ ہی مرکزی وزارت تعلیم کے عہدیداروں کو صورتحال سے واقف کروایا جاچکا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکام کی جانب سے مرکزکو روانہ کی گئی اطلاعات میں تدریسی عملہ اور غیر تدریسی عملہ کے علاوہ اولیائے طلبہ وسرپرستوں کی جانب سے آن لائن کلاسس کے مانگ میں ہونے والے اضافہ کے متعلق بھی واقف کروایا جاچکا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے تمام تعلیمی اداروں کو تعطیل دینے کے علاوہ جامعات میں موجود ہاسٹلس کا تخلیہ کروانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور صرف میڈیکل کالجس کو تعطیلات سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے آئی آئی ٹی حیدرآباد مرکز کے زیر انتظام ہونے کے سبب کلاسس جاری ہیں۔م