انڈین یونین مسلم لیگ سیکولرجماعت ہے:کانگریس

   

واشنگٹن: کانگریس لیڈر راہول گاندھی ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ وہ منگل کو یہاں پہنچے تھے۔ ان کا دورہ شروع ہوتے ہی ہندوستان کے سیاسی گلیاروں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ الزام تراشی کا کھیل شروع ہو چکا ہے۔ اسی سلسلے میں واشنگٹن میں راہول نے انڈین یونین مسلم لیگ کو سیکولر قرار دیا۔ اس پر بی جے پی نے ان پر طنز کیا ہے۔دراصل، جب پریس کلب آف امریکہ میں راہول گاندھی سے پوچھا گیا کہ آپ کا کیرالا میں انڈین یونین مسلم لیگ کے ساتھ اتحاد ہے؟ تو اس کے جواب میں گاندھی نے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ مکمل طور پر سیکولر جماعت ہے،لیگ میں کچھ غیر سیکولر نہیں ہے۔انڈین یونین مسلم لیگ کیرالا کی ایک جماعت ہے۔ یہ کانگریس کی قیادت والی یوڈی ایف کی روایتی حلیف ہے۔ امریکہ میں دیئے گئے بیان پر ہندوستان میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔بی جے پی اور کانگریس ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں۔ بی جے پی نے مسلم لیگ کو سیکولر پارٹی کہنے پر راہول کی تنقید کی ہے۔ وہیںکانگریس نے بھی بی جے پی لیڈر کو مشورہ دیا۔ بی جے پی کے امیت مالویہ نے کہا کہ مذہبی خطوط پر ہندوستان کی تقسیم کی ذمہ دار جماعت جناح کی مسلم لیگ کو راہول گاندھی سیکولر پارٹی کہہ رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے بھی بی جے پی کو گھیر ا ہے۔ ناگپور میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی کے ذریعہ انڈین یونین آف مسلم لیگ کے دو ارکان کو شامل کرنے کی 2012 کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مالویہ کو نشانہ بنایا۔ کیرالا کی مسلم لیگ اور جناح کی مسلم لیگ میں فرق نہیں جانتے؟ جناح کی مسلم لیگ وہ ہے جس کے ساتھ آپ کے آباو اجداد نے اتحاد کیا تھا۔