انگلش کپتان اسٹوکس باقی سیریز میں بولنگ کیلئے تیار

   

نئی دہلی۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے اشارہ دیا ہے کہ وہ ہندوستان میں سیریز کے باقی دوٹسٹ مقابلوں میں بولنگ کے فرائض میں واپسی کرسکتے ہیں کیونکہ 32 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ وہ ایک میچ میں گرمی کے دن صد فیصد بولنگ کرنے میں کامیاب رہے۔ اسٹوکس نے برصغیر میں پہلے تین ٹسٹ میچوں کے دوران بولنگ نہیں کی کیونکہ وہ پچھلے سال اپنے گھٹنے کے آپریشن سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور بولر کے طور پر ان کی کمی محسوس کی گئی ہے کیونکہ ہندوستان نے 2 ٹسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ لگاتار دومقابلوں میں ناکامی سے انگلینڈ کو ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کی صف بندی میں آٹھویں نمبر پرجانے پر مجبور ہونا پڑا ہے اور اگر انگلینڈ کو لارڈز میں اگلے سال ہونے والے فائنل تک پہنچنے کی دوڑ میں رہنا ہے تو اسے ہندوستان میں اپنے آخری دو میچوں سے کچھ حاصل کرنا ہوگا۔ اسٹوکس کوگیند کے استعمال کرنے کے قابل ہونے سے انگلینڈ کو جمعہ سے شروع ہونے والے اہم چوتھے ٹسٹ کے لیے ایک زیادہ متوازن ٹیم کا انتخاب کرنے کا موقع ملے گا اور تجربہ کارکپتان اپنی بولنگ امکانات کے بارے میں پر امید تھے جب ان کی ٹیم کی ہندوستان کے خلاف 434 رنز کی شکست کے بعد اس خیال پر سوال کیا گیا۔ اسٹوکس نے کہا میں یہاں وارم اپ دنوں میں سے ایک میں صد فیصد بولنگ کرنے میں کامیاب رہا ہوں جس سے مجھے کافی اچھا محسوس ہوا۔ مجھے ایسا لگا کہ میں ٹسٹ میں بولنگ کرسکتا تھا لیکن یہ جلد بازی بیوقوفی ہوتی۔ انگلینڈ کے کوچ برینڈن میک کولم نے کہا کہ یہ ایک مثبت علامت ہے کہ اسٹوکس بولنگ کریز پر واپسی پر غورکر رہے ہیں لیکن وہ توقع نہیں کرتے کہ ان کے کپتان طویل اسپیل کریں گے جب تک کہ وہ یہ نہ سمجھیں کہ وہ بولنگ کرنے کے لیے کتنے فٹ ہیں ۔اسٹوکس انگلش ٹیم کے ایک اہم ستون ہیں لیکن انہوں نے رواں سیریز میں ہنوز کوئی یادگار اننگز نہیں کھیلی ہے جبکہ گزشتہ مقابلہ ان کے کرئیر کا 100 واں ٹسٹ تھا جس میں انگلینڈ کو بدترین شکست ہوئی ۔