انگلینڈ کی 34 چھکوں پر مشتمل سنسنی خیز ٹی20 میں کامیابی

   

سینٹ جارجز (گریناڈا)۔ اوپنر فل سالٹ نے پہلی ناقابل شکست ٹی20 سنچری بنائی، جب کہ نوجوان بیٹر ہیری بروک تیز رفتار بیٹنگ نے انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز میں زندہ رہنے میں مدد کی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں سات وکٹوں سے سنسنی خیز جیت حاصل کرنے کے بعد انگلینڈ کا سیریز میں 2-1 اسکور ہے۔ قبل ازیں نکولس پوران نے 45 گیندوں پر 82 رنز بناکر کیرئیر کا بہترین اسکور بنانے کے بعد انگلینڈکو جیتنے کے لیے 223 رنزکا ایک ناممکن ہدف دیا لیکن سالٹ نے صرف56 گیندوں پر 109 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور 51 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی، جو انہوں نے جیسن ہولڈر کے خلاف لگاتار چھکوں سے حاصل کی۔ انہوں نے کپتان جوس بٹلر کے ساتھ صرف 11.2 اوورز میں پہلی وکٹ کے لیے 115 رنز بنائے، بٹلر نے 34 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ بٹلر اور ول جیکس کو یکے بعد دیگرے کھونے کے باوجود سالٹ کو لیام لیونگسٹون (18 گیندوں پر 30) نے مدد فراہم کی، دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 34 گیندوں پر 70 رنز جوڑے۔ بعد ازاں بروک نے آندرے رسل کے خلاف آخری اوور میں 24 رنز بنائے اور صرف سات گیندوں پر31 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جس میں چار چھکے شامل تھا اور انگلینڈ کو ایک گیند قبل کامیابی سے ہمکنار کیا، جو اس فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کا سب سے کامیاب تعاقب بھی ہے۔ اس سے قبل پورن نے ویسٹ انڈیزکومکمل تباہی سے بچایا جب میزبانوں کی اننگز کے ابتدائی مرحلے میں 8/2 پر سمٹ گئی۔ روومین پاول (39)، شیرفین رتھرفورڈ (29) اور شائی ہوپ (26) نے پورن کی اپنی11ویں ٹی20 نصف سنچری مکمل کرنے میں مدد کی، ہولڈر نے صرف پانچ گیندوں پر ناٹ آؤٹ 18 رنز بناکر ویسٹ انڈیز کو 222/ 6 تک پہنچایا۔ عادل رشید (چار اوورز میں 2/32) اور ریس ٹوپلی (چار اوورز میں 1/32) انگلینڈ کے اس کھیل میں شاندار بولررہے ۔ میچ کے سنسنی خیز ہونے کا اندازہ ان اعداد وشمار سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس میچ میں 34 چھکے لگائے گئے، جو اس سال کے شروع میں سنچورین میں ویسٹ انڈیز۔ جنوبی افریقہ کے میچ کے بعد مردوں کے ٹی20 مقابلے میں دوسرا سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ ہے۔ گریناڈا میں میچ کا مجموعی اسکور 448 رنزکا تھا، جو مردوں کے ٹی20 مقابلوں کی تاریخ میں نویں سب سے بڑی تعداد بھی ہے۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز اب بالترتیب 19 اور 21 دسمبرکو آخری دو مقابلوں کے لیے ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو جائیں گے۔