انگلینڈ کے خلاف سری لنکائی ونڈے ٹیم کا اعلان

   

کولمبو،21 جنوری (یو این آئی) سری لنکائی سلیکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف آئندہ ونڈے سیریز کے لیے ایک متوازن اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے ، جس میں تجربہ کار فاسٹ بولر دشمنتھا چمیرا اور آل راؤنڈر دھننجایا ڈی سلواکی واپسی توجہ کا مرکز ہے ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کپتانی سے ہٹائے جانے والے چرتھ اسالنکا ایک بار پھر50 اوورزکے فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ یاد رہے کہ اسالنکا ناساز طبعیتکی وجہ سے دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ آئے تھے ، تاہم اب وہ مکمل فٹ ہیں اور میدان میں ٹیم کی رہنمائی کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب، پاکستان کے خلاف ونڈے ٹیم کا حصہ رہنے والے لاہیرو اودانا اس بار جگہ بنانے میں ناکام رہے ۔ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ونڈے میچوں کی سیریزکولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی: پہلا ونڈے : 22 جنوری، دوسرا ونڈے : 24 جنوری، تیسرا ونڈے : 27 جنوری کو ہوگا ۔ سری لنکائی ونڈے اسکواڈ :چرتھ اسالنکا (کپتان)، پتھم نسنکا، کامل مشارا، کشل مینڈس، سدیرا سمراویکارما، پون رتھنائیکے ، دھننجایا ڈی سلوا، جینتھ لیاناگے ، کامنڈو مینڈس، ڈونتھ ویلالاگے ، ونندو ہسارنگا، وینڈرسے ، مہیش تھیکشنا، ملن رتھنائیکے ، استھا فرنینڈو، پرمود مدوشن،دشمنتھا چمیرا اور ایشان ملنگا۔