انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ ہندوستان ذہنی طورپر تیار

   

برسٹل۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان ہرمن پریت کور نے کہا ہے کہ قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 7 برسوں میں پہلی مرتبہ ٹسٹ کھیلنے کے لئے ذہنی طور پر تیار ہے اور ٹیم کے نائب کپتان و سرخ گیند کے ماہر بیٹسمین اجنکیا راہنے سے اس ضمن میں تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا واحد ٹسٹ مقابلہ چہارشنبہ کو یہاں شروع ہو رہا ہے اور اس مقابلہ کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم اپنے مکمل انگلینڈ کے دورہ کا آغاز کرے گی جس میں اسے ونڈے اور ٹی 20 سیریز بی کھیلنی ہے۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے جارحانہ کھلاڑی ہرمن پریت نے کہا کہ سرخ گیند سے میں نے زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی ہے صرف دو ٹسٹ کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ اس مرتبہ ہمیں ٹسٹ سے قبل اجنکیا رہانے سے ٹسٹ کرکٹ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملا ہے۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم نے ان کے تجربات اور ذہنی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طویل طرز کی کرکٹ میں ہم اب ذہنی طور پر تیار ہیں۔ ورچول پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہرمن پریت کور جنہوں نے سفید گیند کی کرکٹ میں کافی نام کمایا ہے، نے کہا کہ اب وہ طویل طرز کی کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کو منوانے کی حواہاں ہیں۔ ہرمن پریت کور نے مزید کہا کہ نٹ میں مشق کے دوران ہم نے صحیح ذہن کے ساتھ تیاری کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ خوش رہتے ہیں تو بہتر کرکٹ کھیلتے ہیں اور ہم نے بھی اپنی صلاحیتوں اور طاقت کے مطابق کھیلنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ہرمن پریت کور نے مزید کہا کہ رہانے کے ساتھ ہمارا اجلاس دوستانہ ماحول میں ہوا ہے اور وہ کافی تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ ان کے ساتھ جن نکات پر تبادلہ خیال ہوا ہے ہم اس کے مطابق ہی کام کرنے کا منصوبہ بناچکے ہیں۔ ویراٹ کوہلی کے نائب کے ساتھ ہونے والے تبادلہ خیال کو مزید بتاتے ہوئے کور نے کہا کہ رہانے کا ٹسٹ کرکٹ میں کافی وسیع تجربہ ہے اور انہوں نے ہمیں بیٹنگ کے گُر بتانے کے علاوہ طویل طرز کی کرکٹ میں بہتر مظاہرے کس طرح کئے جاسکتے ہیں اس کے طریقے بھی بتائے ہیں۔ ٹیم میں موجود نوجوان اور بہترین صلاحیتوں کی کھلاڑی شفالی ورما کے ٹسٹ کیریئر کے آغاز پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم انتظامیہ کا فیصلہ ہوگا کہ وہ نوجوان لیکن جارحانہ بیٹنگ کے لئے مشہور شفالی کو اس مقابلہ میں ٹسٹ کیریئر کے آغاز کا موقع دیتے ہیں۔ ہرمن پریت کور نے کہا کہ شفالی وہ کھلاڑی ہیں جنہیں ہم ہمیشہ ہی مقابلہ میں ٹیم کی نمائندگی کا موقع دینا چاہتے ہیں اور یہ ایسی کھلاڑی ہیں جو بہ آسانی سے حریف کھلاڑیوں پر اپنا غلبہ بناسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی بھی شفالی کے کھیل کے انداز پر بحث نہیں کی کیونکہ ان کا فطری کھیل ہی ایسا ہے۔ شفالی کی تکنیک اور کھیل کے منصوبہ پر زیادہ بحث کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ حریف کھلاڑیوں کی جانب سے بنائے جانے والے دباؤ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل سے لطف اندوز ہوتی ہیں اور یہی ان کا فطری کھیل ہے۔ قومی ٹیم کی نائب کپتان کور نے کہا کہ انگلینڈ کے حالات اور یہاں کی وکٹوں سے جلد خود کو ہم آہنگ کرنا ضروری ہوگا کیونکہ ہمیں سرخ گیند سے مشق کا زیادہ موقع نہیں ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہمیں اس گیند سے مقابلے کھیلنے کا زیادہ موقع نہیں ملا ہے لہذا یہ ضروری ہوگا کہ وکٹ کے برتاؤ اور ماحول کے متعلق ہم خود کو جلد از جلد ہم آہنگ کرلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مقابلے اور بیٹنگ کے متعلق زیادہ سوچنے کی بجائے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خوش رہتے ہوئے بہتر محسوس کریں جس سے کھیل پر مثبت اثر پڑے گا۔ یادر رہے کہ اس وقت ہندوستانی مردوں کی ٹیم بھی انگلینڈ میں موجود ہے ۔ہندوستانی ٹیم پہلے 18 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد میزیان انگلینڈ کے خلاف 5 مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کھیلے گی۔