اورنگ زیب گوڈسے سے بہتر تھے: سوامی پرساد

   

نئی دہلی : سوامی پرساد موریہ نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈران ملک میں نفرت کا بیج بو رہے ہیں، اسی کا نتیجہ ہے کہ یکے بعد دیگرے تشدد کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ اورنگ زیب کی تعریف پر مبنی ابو عاصم اعظمی کے بیان نے گزشتہ کئی دنوں سے ہنگامہ برپا کیا ہوا ہے۔ حالت یہ ہو گئی ہے کہ سماجوادی پارٹی لیڈر ابو اعظمی کے بیان سے پیدا حالات کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر میں اورنگ زیب کی قبر پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اس درمیان بی جے پی حکومت میں کابینہ وزیر رہے سوامی پرساد موریہ نے ابو عاصم اعظمی کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے خود ایسا بیان دے دیا ہے جس پر تنازعہ بڑھنے کے اندیشے پیدا ہو گئے ہیں۔ انھوں نے بی جے پی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناتھورام گوڈسے سے بہتر تھے اورنگ زیب۔ اپنی جنتا پارٹی کے سربراہ سوامی پرساد موریہ نے بی جے پی پر ملک میں نفرت کا بیج بونے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈران ملک میں نفرت کا بیج بو رہے ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ یکے بعد دیگرے تشدد کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اورنگ زیب بہت ہی تشدد کرتے تھے اور ان کو سب سے خراب بادشاہ مانا جا رہا ہے، میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہو سکتا ہے وہ خراب رہے ہوں، لیکن وہ ناتھورام گوڈسے سے بہتر تھے۔ اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ناتھورام گوڈسے نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کا قتل کر دیا تھا۔ اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ لوگ دوسروں پر انگلی اٹھاتے ہیں تو پہلے ان کو اپنے دامن میں جھانک کر دیکھنا چاہیے۔ اس کے بعد ہی دوسروں پر انگلی اٹھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔