اویس خان دوسرے ٹسٹ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل

   

سنچورین۔ فاسٹ بولر اویس خان کو جنوبی افریقہ کے خلاف 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے مزید کہا کہ اویس زخمی سینئر بولر محمد سمیع کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل ہوں گے۔ اب وہ کیپ ٹاؤن میں نئے سال کے ٹسٹ سے پہلے ہندوستانی فاسٹ بولنگ کو تقویت دیں گے، مہمان ٹیم دو میچوں کی سیریز میں 1-0 سے پیچھے ہے۔ اویس جو ڈومیسٹک کرکٹ میں مدھیہ پردیش کے لیے کھیلتے ہیں، فی الحال بینونی کے ولومور پارک میں جنوبی افریقہ اے کے خلاف چار روزہ میچ میں انڈیا اے کے لیے کھیل رہے ہیں، جہاں انہوں نے 23.3 اوورز میں 5/54 کے شاندار اعداد وشمار درج کئے ہیں۔ 38 فرسٹ کلاس میچوں میں، اویس نے 22.65 کی اوسط اور 3.12 کے اکانومی ریٹ سے 149 وکٹیں حاصل کی ہیں، جس میں سات مرتبہ پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں۔ اویس کو وائٹ بال کرکٹ میں ہندوستان کے لئے 19ٹی 20 اور آٹھ ون ڈے کھیلے ہیں۔ جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی ونڈے میں اویس نے 4-27 کے کیریئر کے بہترین اعداد و شماردرج کئے ہیں۔
دوسرے ٹسٹ کے لیے ہندوستان کا اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، یشسوی جیسوال، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، کے ایلراہول (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندرا جڈ یجہ، شاردول ٹھاکر، محمد سراج، مکیش کمار، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، پرسد کرشنا، کے ایس بھارت (وکٹ کیپر)، ابھیمانیو ایسوارن اور اویس خان۔