’ایک شام اُردو کے نام‘ پروگرام ، جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کا خطاب
حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) اردو زبان کا ایک نہایت متاثرکن پروگرام یہاں اسکول کے طلباء و طالبات نے پیش کیا۔ طلبہ میں چھپی صلاحیتوں کو اُبھارنے کے لئے ایسے پروگرام مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے ’’ایک شام اُردو کے نام‘‘ میں صدارتی خطاب میں کیا اور کہاکہ ایسی شام ہر روز ہونا چاہئے۔ اُردو ایک زندہ جاوید زبان ہے، اس کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اُردو زبان کی شیرینی اسکول کے ننھے بچوں کے زبان سے جھلک رہی تھی۔ ہر پیشکش میں معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مؤثر انداز میں اسکول کے طلبہ نے پیش کیا جیسا کہ کوئی یونیورسٹی کے اعلیٰ فنکار پیش کرتے ہیں۔ اُردو زبان کی کہانی اُردو زبان میں اُردو کی ابتداء سے لے کر مکمل تاریخ کا احاطہ کرتے ہوئے حال اور مستقبل کو ایک طالبہ نے پیش کیا جس کو ہر اُردو محفل میں پیش کرنا چاہئے۔ اُردو کے حوالہ سے جناب عامر علی خان نے جناب زاہد علی خاں کے احساسات کی اس طرح ترجمانی کی کہ وہ ہر طالب علم کو اُردو سیاست کا ایمبیسڈر بنانا چاہتے ہیں۔ ان کی تڑپ اُردو کے لئے بچوں میں حوصلہ بخشتی ہے۔ اُردو کے اس خصوصی پیشکش میں سنٹرل پبلک اسکول خلوت کے طلباء و طالبات نے جو ایٹمس پیش کئے وہ اعلیٰ معیاری اور معلومات سے بھرپور تھے۔ لب پہ آتی ہے دعا تو ہر کوئی پڑھتا ہے لیکن علامہ اقبال کی اس دعا کو بچوں نے شعر اور مصرعہ کے مطابق انھیں ملبوسات میں پیش کیا جو نئی جہت تھے۔ جناب ظفراللہ فہیم ڈائرکٹر سنٹرل اسکول کے زیرنگرانی محترمہ فریدہ بیگم ہیڈ مسٹرس نے طلباء و طالبات کو اس طرح تیار کیاکہ اسکرپٹ کے ساتھ اس کو اسٹیج پر پیش کرنا فن تھا جس کی ہر کسی نے ستائش کی۔ جگجیت سنگھ کی غزل ’’وہ کاغذ کی کشتی وہ بارش کا پانی‘‘ بچپن کے تمام ادوار کو یاد دلادیا۔ سامعین اپنے بچپن میں کھوگئے۔ اقبالؔ اور موجودہ دور کے اقبال میں جو کلام پیش کیا وہ موجودہ مسلمان قوم کے حالات کی حقیقی عکاسی کرتا ہے۔ بیت بازی میں اشعار کا جواب نہیں کہ ہر حرف اور لفظ پر تمام ٹیموں نے اشعار پیش کئے جبکہ جناب ایم اے حمید نے مؤثر انداز میں بیت بازی مقابلہ منعقد کیا۔ مزاحیہ مشاعرہ تمثیلی نہایت مؤثر، دلچسپ مزاح سے بھرپور رہا کہ ممتاز مزاح نگار و شاعر جناب منور علی مختصر بے ساختہ کہہ کہ ہم کو بچوں سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے جبکہ کے بی جانی نے ہر طالب علم کی صلاحیت کو سراہا۔ عابد علی خاں سنچری ہال احاطہ سیاست میں منعقدہ ایک شام اردو کے نام میں بحیثیت مہمان اعزازی جناب ایس کے افضل الدین کانگریس قائد نے اپنی تقریر میں اردو سے اپنی دیرینہ وابستگی کے حوالہ سے اس پروگرام کے تمام منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے ستائش کی اور ادارہ سیاست کے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جو ہر اردو کاز کے لئے ہمیشہ آگے آگے رہتا ہے اور سرپرستی فرماتا ہے۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ، سرپرستوں کے علاوہ ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری، جناب تمیزالدین احمد، ڈاکٹر ناظم علی موجود تھے۔ آخر میں ترانہ ہندی پر اختتام عمل میں آیا۔