اُردو گرلز اسکول دیگلور میں جلسہ ، علماء و دیگر شخصیتوں کا خطاب
دیگلور۔30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طلباء و طالبات کی ترقی کا اہم راز حضوراقدس ؐکی سیرت پر گامزن ہونا ہی ہے ۔ حدیث کے مطابق تعلیم کا حاصل کرنا اور اس کے حصول میں جتنی جدوجہد کی جائے کم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر جلسہ سیکریٹری مولانا ابوالکلام آزاد ایجوکیشن سوسائٹی شیخ محمد سابق رجسٹرار نے کیا۔ مہمان خصوصی اور رکن انتظامی قاضی سید امداد علی (خطیب جامع مسجد ) نے کہا کہ آج کے دور میں لگن اور دلچسپی کے ساتھ طالبات ہر فیلڈ میں آگے بڑھ سکتی ہیں آپ ہمت سے کام لیجئے اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کی مدد فرمائیں گے۔ نارائن راؤ چدراوار اردو گرلز پرائمری اسکول دیگلور میں جلسہ سیرت النبیﷺ منایا گیا۔اس موقع پر مولانا مفتی عبدالواجد پیش امام مسجد بلال رض۔ و مولانا محمد موسیٰ ندوی (پیش مام مسجد معین نزد درگاہ شریف) نے بھی طالبات کو دینی علوم کیساتھ ساتھ ہمت و استقلال سے عصری تعلیم جاری رکھنے کی تلقین کی۔ قبل ازیں طالبات نے حمد و نعت شریف سے سامعین کو محظوظ کیا۔صدر مدرس محمد شریف الدین نے تمہیدی کلمات بیان کیے۔نظامت کی ذمہ داری محمد سرفراز الدین نے سنبھالی۔اس جلسے میں اسکول میں اول اور دوم آنے والے لڑکیوں نے آپ ؐکی سیرت طیبہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مفتی عبدالواجد نے دعا فرمائی اور پھر بچیوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ مٹھائی تقسیم کی گئی اور معلم سدی نوید دیشمکھ نے تمام کا شکریہ ادا کیا۔