آئی سی سی ایونٹس میں شرکت پاکستان کا حق ہندوستان میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے انعقاد

   

پر کرونا وائرس کی وجہ سے شکوک و شبہات :احسان مانی

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کرنا پاکستان کا حق ہے اور بی سی سی آئی کو کہا ہے کہ وہ ہندوستان میں شیڈول ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کیلئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ ایک انٹرویو میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے اجلاسوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ہندوستان میں شیڈول ایونٹس میں حصہ لینے کے معاملے پر بھی بحث ہوئی تھی، ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے ہمیں یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کے ملک میں شیڈول میگا ایونٹس میں شرکت کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کیے جائیں گے لیکن ہم نے ان سے رواں سال کے آخر تک تحریری تصدیق بھی مانگی ہے۔یاد رہے کہ ہندوستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ2021ء اور ورلڈ کپ 2023ء کی میزبانی کرنی ہے۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ یہ آئی سی سی ایونٹس اپنے وقت پر ہوں گے اور اس میں شرکت کرنا پاکستانی کھلاڑیوں کا حق ہے لیکن ہندوستان میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے انعقاد پر کرونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے شکوک و شبہات ہیں۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق سے چیف سلیکٹر کی ذمہ داری واپس لیے جانے کے سوال پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کی کارکردگی کو جانچنے کے بعد اندازہ لگایا کہ ان کے لیے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ پر ایک ساتھ نظر رکھنا ممکن نہیں اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا کہ مصباح الحق سے چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں واپس لے لی جائیں۔ احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے فرسٹ کلاس کرکٹ کے سٹرکچر کو نئے سرے سے مرتب کرنے پر کافی کام کیا ہے اور اگلے مرحلے میں ہم نچلے درجے کی کرکٹ میں ہر ریجن سے 16،16 ٹیموں کے ساتھ ساتھ کلب اور سکول کرکٹ کا بھی آغاز کریں گے۔